آئینی ترامیم پر کافی حد تک اتفاق رائے پیدا ہوچکا ہے: مولانا فضل الرحمان
آئینی ترامیم پر جو چیزیں ہم نے مسترد کیں وہ واپس ہوچکی ہیں، مسودے پر کافی ہم آہنگی ہوچکی ہے: سربراہ جے یو آئی (ف)
کراچی: جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پی ٹی آئی سے احتجاج ملتوی کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئینی ترامیم پر اتفاق رائے کے قریب پہنچ چکے ہیں۔
ٹنڈو الہیار میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ آئینی ترامیم پر جو چیزیں ہم نے مسترد کیں وہ واپس ہوچکی ہیں، جو مسودہ حکومت کی طرف سے لایا گیا تھا ہم نے مسترد کردیا تھا، اس مسودے سے عدلیہ کمزور ہوجاتی اور انسانی حقوق تباہ ہوجاتے تاہم مسودے پر کافی ہم آہنگی ہوچکی ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پارلیمنٹ کا کام ہی آئین اور قانون میں ترمیم کرنا ہے لیکن آئینی ترمیم آتی ہے تو اس پر اختلاف بھی ہوتا ہے۔ ملکی حالات اور ضرورت کے تحت قانون سازی ہونی چاہیے، ہم نے ملک اور عوام کے مفاد میں سب کچھ کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسمبلی میں اس لیے نہیں کہ عوام کے مفاد کے خلاف قانون پاس کریں، بلاول بھٹو، نوازشریف اور پی ٹی آئی کی قیادت سے ملاقات کروں گا، 18ویں ترمیم میں بھی ہمیں 9 مہینے لگ گئے تھے،آج کیا مسئلہ ہے جو ہم پر جلدی مسلط کی گئی، ہم اتفاق رائے کے قریب پہنچ چکے ہیں۔
مولانافضل الرحمان نے پی ٹی آئی سے اپیل کی ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس تک احتجاج ملتوی کریں، پہلے بھی مظاہرے کے نتائج اچھے نہیں آئے۔