پاکستانی شہری اب برطانیہ کے سفر کیلئے ای ویزا سسٹم استعمال کرسکیں گے: برطانوی ہائی کمیشن
سیاحت،کاروبار اور فیملی وزٹ کے لیے پاسپورٹ پر ویزا سٹیکرکی ضرورت ختم کردی گئی ہے۔
پاکستانی شہری اب برطانیہ کےسفرکے لیے ای ویزا سسٹم استعمال کرسکیں گے۔
پاکستان میں برطانوی ہائی کمیشن کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ سیاحت،کاروبار اور فیملی وزٹ کے لیے پاسپورٹ پر ویزا سٹیکرکی ضرورت ختم کردی گئی ہے۔
ہائی کمیشن کے مطابق ویزا درخواست بدستور آن لائن جمع ہوگی، بائیومیٹرکس کے لیے ویزا سینٹر جانا ہوگا، کامیاب درخواستگزاروں کو امیگریشن اسٹیٹس کی ڈیجیٹل تصدیق ای میل سے ملے گی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ بائیو میٹرکس کے بعد پاسپورٹ لینے کے لیے ویزا سینٹر جانےکی ضرورت نہیں ہوگی۔ ای ویزا نظام سے دستاویزات کے ضائع یا خراب ہونے کے خدشات بھی کم ہوں گے۔
برطانوی ہائی کمیشن کے مطابق درخواست گزار شیئر کوڈ کے ذریعے اپنی ویزا حیثیت ثابت کرسکیں گے، ویزا پراسیسنگ کے وقت، اہلیت اور شرائط میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔
ہائی کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نیا نظام پاکستانیوں کے لیے ویزاعمل کو آسان بنائےگا، درخواست گزار ایجنٹس کے بجائے براہ راست ردرخواست دیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ای ویزا پہلےطلبہ اور ورک ویزا کےلیے متعارف کرایا جاچکا ہے، موجودہ اسٹیکر ویزا رکھنے والوں پر نئی تبدیلیوں کا اطلاق نہیں ہوگا۔