حکومت نے پی ٹی آئی کی شرط مان لی، ڈاکٹرز کل عمران کا معائنہ کریں گے

تحریک انصاف نے شرط رکھی ہے کہ عمران خان سے ملاقات کرائی جائے تو15 اکتوبرکو ڈی چوک پر احتجاج ملتوی کردینگے

73

اسلام آباد: حکومت نے کل کا احتجاج مؤخر کرنے کیلئے پاکستان تحریک انصاف کی شرط مان لی۔

ذرائع کے مطابق حکومت بانی پی ٹی آئی عمران خان کے طبی معائنے کیلئے تیار ہے اور ڈاکٹرز کل صبح اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی کا معائنہ کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پمز ہسپتال کے ڈاکٹرز کل صبح اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی کا معائنہ کریں گے۔

ذرائع کے مطابق حکومت نے بانی پی ٹی آئی سے ذاتی معالج کو ملنے کی اجازت دے دی، بانی پی ٹی آئی کے ذاتی معالج کل صبح اڈیالہ جیل میں ان کا طبی معائنہ کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر داخلہ محسن نقوی نے پی ٹی آئی قیادت کو حکومت کے فیصلے سے آگاہ کردیا۔

دوسری جانب تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی کا اجلاس آج رات طلب کرلیا گیا اور پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت شریک ہو گی۔ ذرائع نے بتایاکہ اجلاس میں 15 اکتوبر کے احتجاج سے متعلق مشاورت کی جائے گی۔

خیال رہے کہ پی ٹی آئی نے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے موقع پر 15 اکتوبر کو ڈی چوک میں احتجاج کا اعلان کر رکھا ہے۔ تحریک انصاف نے شرط لگا رکھی ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرائی جائے  تو 15 اکتوبر کو ڈی چوک پر احتجاج ملتوی کردیں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.