زیادہ گندم اگاؤ اور انسداد سموگ مہم کے سلسلے میں بورے والا میں نمبرداران کنونشن کا انعقاد

حکومت کی انسداد سموگ اور زیادہ گندم اگاؤ مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، مساجد میں اعلانات کروائیں: اسسٹنٹ کمشنر ملک فاروق احمد

117

بورے والا (سید ساجد حسین نقوی) زیادہ گندم اگاؤ اور انسداد سموگ مہم کے سلسلے میں بورے والا میں نمبرداران کنونشن کا انعقاد کیا گیا۔

محکمہ زراعت توسیع بورے والا کی طرف سے ڈویژنل پبلک سکول (ڈی پی ایس) بورے والہ کے سیمینار ہال میں زیادہ گندم اگاؤ اور انسداد سموگ مہم کے سلسلے میں نمبرداران کنونشن کا انعقاد کیا گیا ۔ جس میں تحصیل بورے والا کے جملہ نمبرداران، ترقی پسند کاشتکاران، معززین علاقہ اور محکمہ زراعت و ریونیو کے عملے نے شرکت کی۔

اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت توسیع بورے والا رانا طارق حسین نے کنونشن کے اغراض و مقاصد اور سموگ کے نقصانات، احتیاطی تدابیر اور فصلوں کی باقیات کو جلانے پر قانونی کارروائی جیسا  کہ پندرہ ہزار روپے فی ایکڑ جرمانہ یا اندراج ایف آئی آر کے متعلق تفصیل سے بتایا۔

محمد محسن ریاض زراعت آفیسر گگو نے گندم کی پیداواری ٹیکنالوجی کے بارے میں تفصیلی گفتگو کی۔ انہوں نے بتایا کہ اچھی پیداوار حاصل کرنے کے لیے گندم کی بروقت کاشت، منظور شدہ قسم کا صحت مند بیج، سیڈ ٹریٹمنٹ، کھادوں کا متوازن استعمال، جڑی بوٹیوں کی تلفی اور نازک مراحل پر آب پاشی اہم امور ہیں ۔

اسسٹنٹ کمشنر بورے والا ملک فاروق احمد نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نمبرداران حکومت کے آنکھ اور کان ہیں، وہ اپنے اپنے دیہات میں حکومت کے نمائندے ہیں اور وہ حکومت کی انسداد سموگ اور زیادہ گندم اگاؤ مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، مساجد میں اعلانات کروائیں اور اپنے حلقہ احباب کو بھی اس مہم میں شامل کریں۔

انہوں نے زور دیا کہ ہر قسم کی سرکاری زمین پر گندم کی زیادہ سے زیادہ کاشت کو یقینی بنائیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ساڑھے بارہ ایکڑ گندم کاشت کرنے والے کاشتکاروں کو 1 ہزار لیزر لینڈ لیولر اور پچیس ایکڑ یا اس زیادہ گندم کاشت کرنے والے کاشتکاروں کو 1 ہزار ٹریکٹر حکومت کی جانب سے پورے پنجاب میں بذریعہ قرعہ اندازی مفت فراہم کئے جائیں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.