سلمان خان کے دشمن لارنس بشنوئی گروپ نے بابا صدیقی قتل کی ذمہ داری قبول کرلی
معروف مقتول سیاست دان بابا صدیقی کے سلمان خان سمیت دیگر شوبز سٹارز سے قریبی تعلقات تھے
ممبئی: بھارتی اداکار سلمان خان کو دھمکیاں دینے والے گینگسٹر لارنس بشنوئی گروپ نے بھارتی سیاستدان بابا صدیقی کے قتل کی ذمہ داری قبول کرلی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی پولیس کا کہنا ہے کہ بابا صدیقی کے قتل میں 3 افراد ملوث تھے۔ گرفتار 2 ملزمان کا کہنا ہے کہ وہ لارنس بشنوئی گروپ کے لیے کام کرتے ہیں۔ قتل سے پہلے کئی روز تک بابا صدیقی کی نگرانی کی گئی۔ قتل میں ملوث تیسرے شخص کی تلاش جاری ہے۔ لارنس بشنوئی گروپ بالی ووڈ سٹار سلمان خان کو متعدد بار قتل کرنے کی دھمکیاں دے چکا ہے۔
رپورٹ کے مطاابق لارنس بشنوئی یا دوسرے ذرائع نے ملزمان کے بیان کی اب تک تصدیق یا تردید نہیں کی ہے۔
میڈیا رپورٹس میں مزید کہا گیا کہ گینگسٹر لارنس بشنوئی کے قریبی ساتھی نے کچھ عرصہ قبل بیان میں کہا تھا کہ اداکار سلمان خان کے دوستوں کو بھی نہیں چھوڑا جائے گا۔ جو بھی سلمان خان کا دوست ہے وہ ہمارے نشانے پر ہے۔سلمان خان کی ممبئی میں واقع رہائش گاہ پر فائرنگ کا واقعہ بھی پیش آچکا ہے۔ سلمان خان اور ان کے اہل خانہ واقعہ میں محفوظ رہے تھے جبکہ فائرنگ کرنے والے موٹرسائیکل سواردو لڑکوں کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔