دوسرے اور تیسرے ٹیسٹ کیلئے قومی سکواڈ کا اعلان، 4 بڑے کھلاڑی آؤٹ

بابر اعظم، نسیم شاہ، سرفراز احمد اور شاہین شاہ آفریدی کو آرام دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے: سلیکشن کمیٹی

74

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ  نے انگلینڈ کے خلاف دوسرے اور تیسرے ٹیسٹ میچ کیلئے سکواڈ کا اعلان کردیا۔

اہم کھلاڑیوں کی موجودہ فارم اور فٹنس کو مدنظر رکھتے ہوئے اور 2024-25 کے بین الاقوامی کرکٹ سیزن میں پاکستان کی مستقبل کی ذمہ داریوں کو دیکھتے ہوئے سلیکٹرز نے بابر اعظم، نسیم شاہ، سرفراز احمد اور شاہین شاہ آفریدی کو آرام دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

سپنر ابرار احمد ڈینگی بخار میں مبتلا ہونے کی وجہ سے ہسپتال میں زیرعلاج ہیں انکا انتخاب صحت یابی سے مشروط ہے۔

چاروں کھلاڑیوں کی جگہ حسیب اللہ، مہران ممتاز، کامران غلام، فاسٹ بولر محمد علی، اور آف سپنر ساجد خان کو شامل کیا گیا ہے۔

نعمان علی اور زاہد محمود جو کہ ابتدائی طور پر اصل سکواڈ کا حصہ تھے لیکن بعد میں انہیں ریلیز کر دیا گیا تھا انہیں بھی 16 کھلاڑیوں کے سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

دوسرے اور تیسرے ٹیسٹ کیلئے سکواڈ:

شان مسعود (کپتان) سعود شکیل (نائب کپتان) عامر جمال، عبداللہ شفیق، حسیب اللہ (وکٹ کیپر) کامران غلام، مہران ممتاز، میر حمزہ، محمد علی، محمد ہریرہ، محمد رضوان (وکٹ کیپر) نعمان علی، صائم ایوب، ساجد خان، سلمان علی آغا اور زاہد محمود۔

سلیکشن کمیٹی کے رکن عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف آئندہ ٹیسٹ کیلئے ٹیم کا انتخاب سلیکٹرز کے لیے ایک مشکل کام رہا ہے، ہمیں کھلاڑیوں کی موجودہ شکل، سیریز میں واپسی کی عجلت اور پاکستان کے 2024-25 کے بین الاقوامی شیڈول پر غور کرنا تھا۔

پاکستان کرکٹ کے ساتھ ساتھ کھلاڑیوں کے بہترین مفاد میں ہم نے بابراعظم، نسیم شاہ، سرفراز احمد اور شاہین شاہ آفریدی کو آرام دینے کا فیصلہ کیا ہے، ہمیں یقین ہے کہ بین الاقوامی کرکٹ سے اس وقفے سے ان کھلاڑیوں کو ان کی فٹنس، اعتماد اور سکون بحال کرنے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہم حسیب اللہ، مہران ممتاز، اور کامران غلام جیسے ان کیپڈ کھلاڑیوں کو محمد علی، نعمان علی، ساجد خان اور زاہد محمود کے ساتھ مواقع فراہم کر رہے ہیں۔

اب ان کے پاس انگلینڈ کی مضبوط ٹیم کے خلاف اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کا موقع ہے، ہمیں یقین ہے کہ وہ اس موقع پر پہنچیں گے اور بقیہ دو ٹیسٹ میچوں میں اس موقع کا بھرپور فائدہ اٹھائیں گے۔

دریں اثنا، حسیب اللہ اور مہران ممتاز، جو اے سی سی ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ کے لیے پاکستان شاہینز کے سکواڈ کا حصہ تھے ان کی جگہ معاذ صداقت اور روحیل نذیر کو شامل کیا گیا ہے۔ ٹورنامنٹ 18 اکتوبر سے اومان میں کھیلا جائے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.