وہاڑی پولیس نے اگست میں 243 اشتہاری، 176 منشیات فروش گرفتار کر لیے

ضلع وہاڑی کی سرزمین کو جرائم پیشہ کے لئے تنگ کر دیں گے: ڈی پی او منصور امان

29

وہاڑی: وہاڑی پولیس نے اگست کے مہینے کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی، 243 اشتہاری مجرم، 176 منشیات فروش اور 72 افراد کو ناجائز اسلحہ رکھنے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر(ڈی پی او) وہاڑی منصور امان کا اس موقع پر کہنا تھا کہ وہاڑی پولیس کی جانب سے موثر گشت، سنیپ چیکنگ، سرپرائزناکہ بندی سمیت بہترین حکمت عملی سے جرائم پیشہ افراد کے گرد شکنجہ تنگ کر دیا گیا ہے جس سے جرائم کا گراف تیزی کے ساتھ نیچے ٓانے لگا ہے، ضلع وہاڑی کی سرزمین کو جرائم پیشہ کے لئے تنگ کر دیں گے۔

تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر صوبے کے تمام اضلاع میں سماج دشمن عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے اور خاص طور پر اشتہاری ملزمان، ناجائز اسلحہ اور منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن میں تیزی لائی گئی ہے۔ اس سلسلہ میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر وہاڑی منصور امان کی قیادت میں وہاڑی پولیس نے سماج دشمن عناصر کی گرفتاریوں کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف اہم کامیابیاں حاصل کیں۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر وہاڑی منصور امان نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ملزمان چاہے کتنے ہی شاطر کیوں نہ ہوں قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے کیوں کہ جرم نشان چھوڑتا جاتا ہے۔۔یہ سب انوسٹی گیشن ٹیم کی کامیابی ہے جس کے لئے پولیس فرانزک اور جدید ٹیکنالوجی، آئی ئی گیجٹس کا سہارا لیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ اس عرصہ کے دوران 4 پولیس مقابلوں کے دوران 5سفاک ڈکیت اور خطرناک کریمنل ہلاک ہوئے۔ گزشتہ ماہ وہاڑی پولیس نے گینگز کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے17گینگز کے 44ممبران کو گرفتار کرکے126مقدمات ٹریس کرتے ہوئے 1کروڑ 89لاکھ روپے مالیتی ریکوری کو بھی یقینی بنایا جبکہ پراپرٹی سے متعلق جرائم کے87مقدمات کو ٹریس کر کے 2کروڑ 14لاکھ روپے سے زائد مالیتی برآمدگی بھی کی گئی۔

وہاڑی پولیس نے اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے قتل، ڈکیتی اوررابری سمیت سنگین وارداتوں میں ملوث خطرناک 243 اشتہاری مجرم گرفتار کئے جن میں 52اے کیٹگری کے جبکہ191بی کیٹگری کے شامل ہیں جبکہ12عدالتی مفرور بھی گرفتار کئے گئے۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسروہاڑی منصور امان کی سربراہی میں وہاڑی پولیس نے جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن کرتے ہوئے72ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے بھاری اسلحہ ناجائز برآمد کیا جن میں، 5 بندوق، 63پسٹل، 02رائفل اورسینکڑوں گولیاں شامل ہیں۔ سماج دشمن عناصر کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے176ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے92کلوچرس، 4392لیٹر شراب،7چالو بھٹیاں، 10کلو افیون،11کلو ہیروئین،1کلو آئس اور 27کلو بھنگ برآمد کی گئی۔ قمار بازی کے خلاف مختلف کارروائیوں کے دوران 41 جواریوں اور تیزرفتاری سے گاڑی چلا کر شہریوں کی قیمتی جان خطرے میں ڈالنے والے 96ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر وہاڑی منصور امان کا مزید کہنا تھا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.