جب تک مطالبات پورے نہیں ہوتے ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے: عمران خان
سماجی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں عمران خان کا کہنا ہے کہ ’میرا اپنی ٹیم کو بھی پیغام ہے کہ آخری بال تک لڑیں، جب تک ہمارے مطالبات پورے نہیں ہوتے ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے۔‘
پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران کا کہنا ہے کہ پاکستانی قوم اور تحریک انصاف کے کارکنان کو سلام ہے جو اپنے حقوق کے لیے کھڑے ہوئے، پرامن احتجاج میں شامل ہیں اور ملک پر مسلط مافیا کے سامنے اپنے مطالبات اور حقیقی آزادی کے لیے ڈٹ کر کھڑے ہیں۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں عمران خان کا کہنا ہے کہ ’میرا اپنی ٹیم کو بھی پیغام ہے کہ آخری بال تک لڑیں، جب تک ہمارے مطالبات پورے نہیں ہوتے ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے۔‘
عمران خان اڈیالہ جیل میں قید ہیں لہذا توقع ہے کہ ان کا ایکس اکاؤنٹ کوئی ان کے احکامات کی بنیاد پر باہر سے اپڈیٹ کرتا ہے۔
ایکس پر بیان میں کہا گیا ہے کہ ’محسن نقوی کی ہدایات پر رینجرز اور پولیس نے ہمارے ورکرز پر فائرنگ اور شیلنگ کر کے پرامن شہریوں کو شہید اور زخمی کیا، اسے اس کا حساب دینا ہو گا!
شہری ناصرف پرامن تھے بلکہ شیلنگ اور فائرنگ کرنے والے پولیس اور رینجرز کو بھی ریسکیو کرتے رہے۔‘
بیان میں اوورسیز پاکستانیوں کا بھی شکریہ ادا کیا گیا جو فنڈز بھیج رہے ہیں اور اپنے اپنے ملکوں میں بھی مظاہرے کر رہے ہیں۔
ایکس پر پیغام میں ہدایات دی گئی ہیں کہ ’سوشل میڈیا واریئرز‘ بھی دنیا بھر میں ہمارے مطالبات اور پاکستان میں جاری ظلم و ستم کی بھرپور کوریج جاری رکھیں۔
’مجھے ملٹری کورٹ میں ٹرائل کی دھمکیاں دینے والوں کے لیے پیغام ہے کہ جو کرنا ہے کر لو میں اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹوں گا۔‘
عمران خان کے پیغام میں کہا گیا ہے کہ ’جو اب تک نہیں پہنچ پائے وہ بھی ڈی چوک پہنچیں اور مظاہرے میں شامل تمام پاکستانی پرامن رہیں، متحد رہیں اور ڈٹے رہیں جب تک ہمارے مطالبات پورے نہیں ہوتے۔‘
منگل کو ہی پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے ایکس پر اپنے پیغام میں عمران خان کی جلد رہائی کی امید ظاہر کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے کارکنان اپنی جدو جہد کے دوران پر امن رہیں اور انہیں امید ہے کہ عمران خان جلد رہا ہو جائیں گے۔
