اسلام آباد: پی ٹی آئی کے گرفتار کارکنوں کو چھڑوانے کیلئے قیدی وینز پر حملے کا دعویٰ
سنگجانی ٹول پلازہ کے نزدیک قیدی وینوں پر 4 ڈالوں میں سوار ملزمان نے حملہ کیا: ترجمان اسلام آباد پولیس
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے دہشت گردی کے مقدمات میں ملوث ملزمان کو مبینہ طور پر چھڑوانے کے لیے نامعلوم افراد نے قیدیوں کی وین پر حملہ کردیا اورمتعدد قیدی فرار ہوگئے۔
ترجمان اسلام آباد پولیس نے بتایا کہ سنگجانی ٹول پلازہ کے نزدیک قیدی وینوں پر حملہ ہوا جہاں پولیس 82 قیدیوں کو عدالت میں پیشی کے بعد اٹک جیل منتقل کر رہی تھی۔
انہوں نے کہا کہ 4 ڈالوں میں سوار ملزمان نے سنگجانی ٹول پلازہ کے نزدیک قیدی وینوں پر حملہ کر دیا، ملزمان اسلحہ، ڈنڈے سوٹوں اور پتھروں سے لیس تھے، حملے میں 4 پولیس اہلکار زخمی ہوئے جبکہ 4 حملہ آوروں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ چار گرفتار افراد کو دو گاڑیوں سمیت تھانہ ترنول، تمام حوالاتیوں اور قیدی وینز کو پولیس لائن منتقل کر دیا گیا ہے، قیدی وینز کے ڈرائیور اور ان کے ہمراہ موجود پولیس اہلکاروں سے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ پولیس کے سینئر افسران بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر موجود ہیں، تمام تر صورت حال کا بغور جائزہ لیا جا رہا ہے، حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پولیس نے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشنز بھی شروع کردیے ہیں اور حملہ آوروں کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ترجمان اسلام آباد پولیس نے بتایا کہ سنگجانی کے علاقے میں قیدی وینوں پر 20 افراد نے حملہ کیا، جن میں سے 4 حملہ آوروں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حملہ آوروں کی دو گاڑیاں اور اسلحہ بھی قبضے میں لے لیا گیا ہے جبکہ تمام فرار ہونے والے قیدیوں کو دوبارہ گرفتار کرلیا گیا ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ حملہ آوروں نے پولیس پر فائرنگ بھی کی تاہم پولیس ٹیموں نے تمام صورت حال کو انتہائی دلیری سے نمٹایا۔
ان کا کہنا تھا کہ سنگجانی ٹول پلازہ پر قیدیوں کی تین وینز میں ڈی چوک احتجاج کے 187 ملزمان کو اٹک جیل منتقل کیا جارہا تھا۔
ذرائع نے بتایا کہ حملہ آوروں نے تین قیدی بسوں پر حملہ کیا تاہم پولیس نے واقعے سے متعلق عینی شاہدین سے بھی پوچھ گچھ شروع کردی ہے۔
اس سے قبل ذرائع نے بتایا تھا کہ دہشت گردی کے مقدمات میں ملوث پی ٹی آئی ملزمان کی قیدی وینوں پر نامعلوم افراد نے حملہ کیا اور مبینہ طور پر متعدد قیدیوں کو چھڑوانے کی کوشش کی جس سے ناکام بنادیا گیا۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ نامعلوم افراد نے پولیس قیدی وینوں پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وین کے شیشے بھی ٹوٹے جبکہ اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔
پولیس نے بتایا کہ حملہ آوروں کی تعداد 25 سے 30 تھی،جنہوں نے قیدیوں کی وین پر فائرنگ بھی کی، قیدیوں کی وین میں اٹک جیل سے پیشی کے لیے لائے جانے والے قیدی سوار تھے۔ پولیس ذرائع کا کہنا تھا کہ قیدی وینوں میں 150 سے زائد قیدی موجود تھے۔
فرار ہونے والے تمام قیدیوں کو دوبارہ گرفتار کرلیا گیا: آئی جی اسلام آباد
دوسری جانب آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی کا کہنا تھاکہ تین قیدی وینز میں 82 ملزمان موجود تھے جنہیں پیشی کے بعد اٹک جیل منتقل کیا جارہا تھا، سنگجانی ٹول پلازہ کے پاس نامعلوم ملزمان قیدی وین پرحملہ آور ہوئے اور حملے کے بعد کچھ قیدی وین سے فرار ہوگئے۔
انہوں نے بتایاکہ فرار ہونے والے تمام قیدیوں کو دوبارہ گرفتار کرلیا گیا ہے، انہیں اسلام آباد منتقل کیا جارہا ہے اور پولیس نے قیدیوں کو فرار کروانے کی کوشش ناکام بنادی۔
آئی جی اسلام آباد کا کہنا تھاکہ فرار ہونے والوں میں 2 ایم پی اے بھی شامل تھے جنہیں دوبارہ گرفتار کرلیا گیا، حملہ آوروں کی تعداد 18 سے 20 تھی جن میں ایک ایم پی اے کا بیٹا بھی شامل تھا اور پولیس نے چار حملہ آوروں کو بھی گرفتار کیا ہے جن میں ایم پی اے کا بیٹا، ایک پولیس اہلکار اور 2 دیگر ملزمان شامل ہیں۔