حزب اللہ نے نعیم قاسم کو نیا سربراہ مقرر کردیا

اسرائیل نے پہلے حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ اور پھر انکے ممکنہ جانشین ہاشم صفی الدین کو فضائی حملے میں نشانہ بنایا تھا،نعیم قاسم طویل عرصے تک حسن نصر اللہ کے نائب رہے ۔

109

بیروت: لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے موجودہ ڈپٹی سیکرٹری جنرل اور عبوری سربراہ نعیم قاسم کو جماعت کا نیا سربراہ مقرر کردیا۔

لبنانی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے حسن نصر اللہ کی شہادت کے ایک ماہ بعد قائم مقام سربراہ نعیم قاسم کو اب باقاعدہ سربراہ منتخب کرلیا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ نعیم قاسم کی قیادت اور اللہ کی رہنمائی کے ساتھ حزب اللہ اپنے اہداف کو حاصل کرے گی اور دجالی قوتوں کو شکست دے گی۔

نعیم قاسم طویل عرصے تک حسن نصر اللہ کے نائب رہے اور حسن نصراللہ کی شہادت کے بعد انہیں تنظیم کا قائم مقام سربراہ بنایا گیا تھا جب کہ وہ اس سے قبل حزب اللہ شوریٰ کمیٹی کےمسلسل 3مرتبہ رکن رہ چکےہیں۔

حسن نصراللہ کی شہادت کے بعد ان کے خالہ زاد بھائی اورداماد  ہاشم صفی الدین کو حزب اللہ کا سربراہ منتخب کیے جانے کا قوی امکان تھا مگر صفی الدین بھی کچھ دن قبل ایک اسرائیلی حملے میں شہید ہوگئے تھے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق حزب اللہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نعیم قاسم کو تنظیم میں ان کی طویل خدمات، اصولوں اور اہداف کی پاسداری کی وجہ سے اس عہدے پر فائز کیا گیا۔

نعیم قاسم کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ وہ اُن مذہبی سکالرز میں سے ایک ہیں جنہوں نے 1980 کے اوائل میں حزب اللہ کی بنیاد رکھی تھی اور وہ عوامی سطح پر سب سے متحرک رہنما بھی ہیں۔

حسن نصر اللہ کی شہادت کے بعد نعیم قاسم کو حتمی نام کے انتخاب تک عبوری سربراہ مقرر کیا گیا تھا جب کہ جانشین کے طورپرہاشم صفی الدین کا نام لیا جا رہا تھا۔

تاہم اسرائیلی فوج نے ایک فضائی حملے میں ہاشم صفی الدین حزب اللہ کے سربراہی ملنے سے قبل ہی شہید کردیا۔ نعیم قاسم کو بھی دھمکیاں ملیں جس پر اوہ ایران منتقل ہوگئے تھے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.