جی ایچ کیو حملہ کیس: فرد جرم کیخلاف عمران خان، قریشی اور گنڈاپور سمیت 13 رہنماؤں کی درخواستیں مسترد
فواد چوہدری،شبلی فراز، شہریار آفریدی ، شیخ رشید احمد کی درخواستیں بھی مسترد، عدالت کا پانچ رہنماؤں کو عمرہ کی اجازت دینے سے بھی انکار
راولپنڈی : 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس میں فرد جرم عائد ہونے کے خلاف عدالت نے عمران خان، شاہ محمود اور وزیراعلیٰ کے پی سمیت 13 رہنماؤں کی درخواستیں مسترد کردیں۔
پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چوہدری اور فیصل ملک لیگل ٹیم کے ہمراہ عدالت پیش ہوئے۔ سپیشل پبلک پراسیکیوٹر ظہیرشاہ نے درخواست بریت کے خلاف دلائل دیے۔
جی ایچ کیو حملہ کیس میں فرد جرم عائد ہونے کے خلاف عمران خان اور دیگر رہنماؤں نے درخواستیں دائر کیں جس پر انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے محفوظ فیصلہ سنا دیا۔
عدالت نے عمران خان، علی امین گنڈاپور، شاہ محمود قریشی، شبلی فراز، ، فواد چوہدری، کنول شوذب اور عمرتنویربٹ کی درخواست بریت خارج کردی۔
عدالت نے قرار دیاکہ فرد جرم عائد ہونے کے بعد بریت کی درخواستیں غیر مؤثر ہیں۔
عدالت نے شیخ رشید احمد کی درخواست بھی مسترد کردی اور کہا کہ فرد جرم عائد کرنے کے بادی النظرمیں شواہد موجود ہیں۔
عدالت نے سانحہ 9 مئی کے میجر ستی، ایم این اے احمد چٹھہ سمیت 5 ملزمان کی عمرہ جانے کی درخواستیں بھی ستاویزات نامکمل ہونے پر مسترد کردیں۔
عدالت نے سانحہ 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس سماعت کی عدالتی کارروائی ریکارڈ کرنے اور اس کی فوٹیج فراہمی درخواستوں کی سماعت کل تک ملتوی کردی جب کہ کرنل اجمل صابر، خلیق زیاد کیانی کی 24 نومبر احتجاج کیس پر ضمانت کی درخواستوں کی سماعت بھی کل تک ملتوی کردی۔
خیال رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان ان دنوں اڈیالہ جیل میں قید ہیں، گزشتہ دنوں 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس میں عمران خان پر فرد جرم عائد کی گئی تھی۔