وفاقی کابینہ نے ٹی ایل پی پر پابندی کی منظوری دے دی

کابینہ کی منظوری کے بعد وزارت داخلہ کو مزید کارروائی کیلئے احکامات جاری، پنجاب حکومت نے پابندی کی سفارش کی تھی۔

53

اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) پر پابندی کی منظوری دے دی ۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں ٹی ایل پی پر پابندی کی منظوری دی گئی۔

ذرائع کے مطابق کابینہ نے ضابطے کی کارروائی کے لیے وفاقی وزارت داخلہ کو احکامات جاری کردیے ہیں۔

خیال رہےکہ پنجاب حکومت کی جانب سے ایک  ہفتہ  قبل ٹی ایل پی پرپابندی کاریفرنس وزارت داخلہ کو بھیجا گیا تھا۔

آج ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں میں وزارت داخلہ نے سمری کابینہ کو بھجوائی جس میں ٹی ایل پی پر پابندی انسداد دہشت گردی ایکٹ کی سیکشن الیون بی ون کے تحت تجویز کی گئی۔

سمری میں کہا گیا کہ ٹی ایل پی پرنفرت انگیز تقاریر کرنے پر پابندی عائد کی جائے، ٹی ایل پی فرقہ وارانہ انتہا پسندی اور تشدد میں ملوث ہے، ٹی ایل پی بین الاقوامی تعلقات خراب کرنے کا باعث بنی۔

چارج شیٹ میں کہا گیا کہ ٹی ایل پی اقلیتوں کے خلاف تشدد میں ملوث ہے، ٹی ایل پی ہجوم کے تشدد میں ملوث ہے، ٹی ایل پی نے نجی اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا، ٹی ایل پی ہتھیار سازی  میں ملوث ہے، ٹی ایل پی نےمحرم میں شیخوپورہ اور میانوالی میں فرقہ وارانہ تشدد کیا، 70 لوگ زخمی اور 5جاں بحق ہوئے۔

چارج شیٹ کے مطابق  ٹی ایل پی کے حالیہ مظاہروں میں 6 افراد زخمی ہوئے، ایک پولیس اہلکار شہید ہوا، ٹی ایل پی مظاہروں میں 47  پولیس اہلکار زخمی ہوئے، بعض اہلکار عمر بھر کے لیے معذور ہوگئے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.