ٹرمپ پر فائرنگ کا ایک اور واقعہ، سابق صدر کا ہتھیار نہ ڈالنے کا اعلان
امریکی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی نے واقعہ کو ٹرمپ کے قتل کی کوشش قرار دے دیا
فلوریڈا: سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے گالف کلب کے قریب فائرنگ کے ایک اور واقعہ کی اطلاعات سامنے آئی ہیں جبکہ سابق صدر نے ہتھیار نہ ڈالنے اور ڈٹے رہنے کا اعلان کیا ہے۔
غیر ملکی خبرساں ایجنسی کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ فائرنگ سے محفوظ رہے۔
امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ ٹرمپ پر فائرنگ فلوریڈا میں ویسٹ پام بیچ میں واقع ٹرمپ گالف کلب کے قریب ہوئی،سابق صدر اس وقت گالف کھیل رہے تھے۔
امریکی میڈیا کے مطابق ویسٹ پام بیچ کےگالف کلب کےنزدیک دو افراد کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے، دونوں افراد ایک دوسرے پر فائرنگ کر رہے تھے، فائرنگ کا نشانہ ٹرمپ نہیں تھے۔
امریکی میڈیا نے ٹرمپ کی انتخابی مہم کے ترجمان کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ محفوظ ہیں اور اس وقت واقعہ کے حوالے سے مزید تفصیلات معلوم نہیں ہوسکیں۔
ٹرمپ کے صاحبزادے ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر نے ایکس پر جاری بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بتایا ہےکہ جھاڑیوں میں ایک اے کے 47 گن ملی ہے،مبینہ طور پر ایک مشتبہ شخص کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔
امریکی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی نے واقعہ کو ٹرمپ کے قتل کی کوشش قرار دے دیا۔
پام بیچ کے قانون نافذ کرنے والے اہلکار کا کہنا ہے کہ ٹرمپ بندوق بردار شخص سے 400 سے 500 گز کے فاصلے پر تھے۔ حکام کو AK-47 قسم کا ہتھیار ملا ہے ، سیکرٹ سروس نے حفاظتی اقدام کے طور پر فائرنگ بھی کی۔
ذرائع امریکی میڈیا کے مطابق گالف کلب میں فائرنگ کرنے والے کی شناخت ریان ویسلے کے نام سے ہوئی ہے۔
دوسری جانب فائرنگ کے واقعہ کے بعد سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا بیان سامنے آگیا ہے۔
اس فائرنگ کے واقعہ کے بعد ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ میں محفوظ اور بالکل ٹھیک ہوں، اس قسم کے واقعات میرے حوصلے پست نہیں کرسکتے، میں کسی صورت ہتھیارنہیں ڈالوں گا۔
خیال رہے کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر جولائی میں بھی انتخابی ریلی کے دوران فائرنگ ہوئی تھی جس سے وہ زخمی ہوئے تھے جبکہ فائرنگ سے ریلی میں شریک ایک شخص ہلاک ہوگیا تھا۔
فرانسیسی خبررساں ایجنسی کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ پنسلوینیا کے علاقے بٹلر میں منعقد ریلی کے شرکا سے خطاب کے لیے سٹیج پر موجود تھے۔ گولی بظاہر ٹرمپ کے کان کو چھوتی ہوئی نکل گئی۔
فائرنگ کے بعد سکیورٹی اہلکاروں کی کارروائی میں حملہ آور بھی مارا گیا تھا۔