بشریٰ بی بی کا پی ٹی آئی کے احتجاج میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ

اراکین صوبائی اور قومی اسمبلی کے علاوہ ٹکٹ ہولڈرز کے قافلوں کی نگرانی بشریٰ بی بی کریں گے: ذرائع پی ٹی آئی

110

پشاور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ذرائع نے بتایا کہ پارٹی کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے کل ہونے والے احتجاج میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

بشریٰ بی بی کی ترجمان مشعال یوسفزئی کا کہنا تھاکہ بشریٰ بی بی خرابی طبیعت کے باعث احتجاج میں شریک نہیں ہوں گی۔

پی ٹی آئی کے ذرائع کے مطابق بشریٰ بی بی نے کل کے احتجاج میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا تاہم وہ وزیراعلیٰ ہاؤس سے احتجاج کی نگرانی کریں گی۔

انہوں نے بتایا کہ ہر حلقے سے اراکین قومی اور صوبائی اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز قافلے کی نگرانی کریں گے۔

ذرائع پی ٹی آئی نے مزید بتایا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور صوابی سے قافلے کی قیادت سنبھالیں گے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا صبح 11 بجے پشاور سے روانہ ہوں گے اور صوابی پہنچیں گے۔

ذرائع کے مطابق بشریٰ بی بی یکم نومبر سے سیاسی سرگرمیوں میں مصروف تھیں اور 24 نومبر کی تیاریوں کے لیےپارٹی رہنماؤں کی پشاور میٹنگز کی تھیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے بشریٰ بی بی کو سیاسی سرگرمیوں سے دور رہنے کا پیغام بھجوایا تھا۔

پی ٹی آئی کے ترجمان شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ بشریٰ بی بی گھریلو خاتون ہیں، اس لیے احتجاج میں شریک نہیں ہوں گی اور بانی پی ٹی آئی نے بشریٰ بی بی کو سیاسی سرگرمیوں سے دور رہنے کا پیغام بھجوایا تھا۔

بشریٰ بی بی نے اس سے قبل اپنے پیغام میں پی ٹی آئی کارکنان کو باہر نکلنے اور احتجاج میں شرکت کا کہا تاہم ترجمان پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم نے بشریٰ بی بی کی احتجاج میں شرکت نہ کرنے کی تصدیق کر دی ہے۔

شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ بشریٰ بی بی احتجاج میں شامل نہیں ہوں گی، وہ گھریلو خاتون ہیں اور یہ ہم گزشتہ پانچ روز سے بار بار واضح کرچکے ہیں، احتجاج میں جانے کا نہ بشریٰ بی بی کا پلان تھا نہ ہے اور نہ ہی ہوگا۔

خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے 24 نومبر کو احتجاج کی فائنل کال دے رکھی ہے، اس کے علاوہ احتجاج کی تیاریوں کے حوالے سے عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی بھی پشاور میں متحرک رہیں۔

پی ٹی آئی کے کل کے احتجاج کے پیش نظر اسلام آباد کے راستے بند کردیے گئے ہیں اور فیض آباد اور اسلام آباد ایکسپریس وے سے محدود تعداد میں گاڑیوں کو آنے دیا جارہا ہے۔

داخلی راستوں پر کنٹینرز اور رکاوٹوں کے ساتھ پولیس اور پیراملٹری فورسز کی بھاری نفری بھی تعینات کر دی گئی ہے اورراستوں کی بندش سے راولپنڈی اسلام آباد کے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

پشاور، اسلام آباد اور لاہور اسلام آباد موٹر وے سمیت 6 موٹر ویز بھی بند ہیں اور ضلع جہلم کی اہم شاہراہوں اور پلوں پر رکاوٹیں لگا دی گئی ہیں۔

اُدھر وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے پولیس کو ہدایت کی ہے کہ اس بار اسلام آباد میں قانون ہاتھ میں لینے والےکسی شخص کو واپس نہیں جانے دینا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.