مخصوص نشستوں کے کیس کی دوسری وضاحت کیسے جاری ہوئی؟ چیف جسٹس نے جواب مانگ لیا

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ڈپٹی رجسٹرار مجاہد محمود ، اسسٹنٹ رجسٹرار شاہد حبیب اور ویب ماسٹر عاصم جاوید سے وضاحت طلب کی ہے

84

اسلام آباد: چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے مخصوص نشستوں کے کیس میں 8 ججوں کی دوسری وضاحت جاری ہونے پر سپریم کورٹ کے عملے سے جواب مانگ لیا۔

چیف جسٹس پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ڈپٹی رجسٹرار مجاہد محمود ، اسسٹنٹ رجسٹرار شاہد حبیب اور ویب ماسٹر عاصم جاوید سے وضاحت طلب کرلی اور ان سے پوچھا ہے کہ اوریجنل فائل جمع کیے بغیر وضاحت کیسے جاری ہوئی؟

ذرائع سپریم کورٹ کے مطابق ڈپٹی رجسٹرار اوراسسٹنٹ رجسٹرار عمل درآمد کو وضاحت کے لیے نوٹس جاری کر دیا گیا ہے۔ جس میں اُن سے سوال کیا گیا ہے کہ بغیر اوریجنل فائل جمع کرائے وضاحت سپریم کورٹ ویب سائٹ پر کیسے جاری ہوئی؟۔

ذرائع کے مطابق اس حوالے سے ویب ماسٹر عاصم جاوید سے بھی وضاحت طلب کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ دو روز قبل سپریم کورٹ کے 8 ججز نے مخصوص نشستوں کے فیصلے کے حوالے سے دوسری وضاحت جاری کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو پابند کیا تھا کہ وہ الیکشن ایکٹ میں ترمیم کے باوجود عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کا پابند ہے۔۔

اکثریتی ججز کے مطابق الیکشن ایکٹ میں ترمیم سے 12 جولائی کا فیصلہ غیر مؤثر نہیں ہو سکتا، الیکشن ایکٹ میں ترمیم کے ماضی سے اطلاق کو وجہ بنا کر فیصلہ غیر مؤثر نہیں ہوسکتا۔ لہٰذا، مختصر حکم نامے کے بعد الیکشن ایکٹ میں کی جانے والی ترامیم کا کوئی اثر نہیں ہوگا۔ اس کے جواب میں ذرائع کا کہنا تھاکہ الیکشن کمیشن نے تاحال مخصوص نشستوں پر الیکشن ایکٹ ترمیم پرعملدرآمد کا فیصلہ نہیں کیا تاہم کمیشن کا الیکشن ایکٹ ترمیم پر عملدرآمد کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ کے فیصلے موجود ہیں کہ قانون میں ترمیم کی صورت میں نئے قانون پرعملدرآمد ہوگا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.