جنوبی کوریا میں بھوتوں کے تہوار ہیلووین کی تقریب میں بھگدڑ مچنے سے 120 افراد ہلاک، درجنوں زخمی
جنوبی کوریا میں بھوتوں کے تہوار ہیلووین کی تقریب میں بھگدڑ مچنے سے 120 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔
جنوبی کورین حکام کے مطابق دارالحکومت سیئول میں ہیلووین منانے والے ہزاروں لوگوں کے تنگ گلیوں میں جمع ہونے سے بھگدڑ مچی جس کے نتیجے میں 120 افراد ہلاک ہوگئے جب کہ 100سے زائد افراد زخمی ہیں۔
برطانوی میڈیا کے مطابق زخمیوں میں غیرملکی بھی شامل ہیں، حادثے کے مقام پر امدادی سرگرمیاں جاری ہیں، حادثے کی اصل وجہ جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
حکام کے مطابق بھگدڑ سے بیشتر متاثرہ افراد کو موقع پر ہی دل کے دورے کی طبی امداد دی گئی جس کے بعد انہیں اسپتال منتقل کیا گیا۔
مقامی حکام کی جانب سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے، دوسری جانب جنوبی کورین صدر نے واقعے کے حوالے سے ہنگامی میٹنگ طلب کرلی ہے۔
خیال رہےکہ سیئول میں کورونا وائرس کی پابندیاں ختم ہونےکے بعدگھروں سے باہر پہلا ہیلووین منایا جا رہا تھا اور اندازے کے مطابق جائے حادثہ پر ایک لاکھ سے زائد افراد موجود تھے۔
واضح رہے کہ ہیلووین ایک مغربی تہوار ہے جو کہ بہت سے یورپ اور امریکا سمیت بہت سے مشرقی ممالک میں بھی اکتوبر کے آخر میں منایا جاتا ہے۔
اس رات اندھیرا چھانے پر بچے اور بڑے خوفناک قسم کے ملبوسات پہن کر دوسروں کو ڈرانے کے لیے نکل کھڑے ہوتے ہیں۔