اسلام آباد : ٹریل تھری زیادتی کیس کا نامزد ملزم گرفتار
اسلام آباد: وفاقی پولیس نے ٹریل تھری زیادتی کیس کے نامزد ملزم کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان پولیس کے مطابق تکنیکی ذرائع بروئے کار لاتے ہوئے ملزم تک رسائی حاصل کی، آئی سی سی پی او نے تفتیش کو میرٹ پر جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایات کی ہے۔
واضح رہے کہ دو روز قبل وفاقی دارالحکومت میں جواں سالہ لڑکی کو ملازمت دلوانے کا جھانسہ دے کر ٹریل تھری پر زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ ایف ایس سی کی طالبہ موبائل میسج پر راولپنڈی پہنچی تھی جہاں نعمان نامی لڑکے نے محکمہ تعلیم میں ملازمت کے لیے 50 ہزار روپے مانگے۔
متاثرہ لڑکی نے پولیس کو بتایا تھا کہ ملزم 30 ہزار روپے وصول کرکے ملازمت دلوانے کے لیے صاحب سے ملوانے کا کہہ کر ٹریل تھری لایا جہاں ملزم نے ٹریل تھری کے جنگل میں گن پوائنٹ پر زیادتی کی اور بعد میں ٹریل تھری سے راولپنڈی ٹنچ اسٹاپ پر چھوڑ دیا۔
زیادتی کا شکار بننے والی لڑکی کے مطابق ملزم نے کسی کو بتانے کی صورت میں قتل کی دھمکی دی ہے، تاہم خوف کی وجہ سے وہ خاموش رہی مگر گھر والوں کو سب بتا دیا۔ زیادتی کا نشانہ بننے والی لڑکی کے ورثا نے تھانہ کوہسار میں مقدمہ درج کروا دیا ہے، جس کے بعد پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہے۔