کل پارلیمنٹ میں گھسنے والوں کیخلاف ہر صورت ایکشن ہوگا، ذمہ داروں پر ایف آئی آر کٹواؤں گا: سپیکر کا اعلان

میں نے پارلیمنٹ کے سارے دروازوں کی فوٹیجز مانگی ہیں تاکہ جس پر ذمہ داری ڈالنی ہے وہ ڈالیں: سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق

80

اسلام آباد: سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے پارلیمنٹ کے احاطے سے ہونے والی گرفتاریوں پر ایکشن لینے کا اعلان کردیا۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں اراکین پارلیمنٹ نے گزشتہ رات کے واقعہ پر بات کی جس پر ایاز صادق نے کہا کہ کل رات پارلیمنٹ میں جو ہوا اس پر ایکشن لیں گے۔

ایاز صادق نے کہا کہ اس پر ہر صورت سٹینڈ لینا پڑے گا، نہ صرف سارے گیٹس (دروازوں) کی بلکہ ہر جگہ کی ویڈیوز مانگی ہیں تاکہ جس پر ذمہ داری ڈالنا ہے ہم ڈالیں۔

سپیکر کا کہنا تھا کہ اپنے آپ کو بدقسمت سمجھتا ہوں کہ 2014 میں ایک جماعت اور ان کے کزن نے پارلیمنٹ پر حملہ کیا تو اس کرسی پر تھا، اس لحاظ سے بدقسمت ہوں وہ پہلا حملہ تھا، دوسرا حملہ مولانا صلاح الدین ایوب کے کمرے پر چھاپہ پڑا، وہ بھی ہماری بدقسمتی تھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ کل وہ جس طرح آئے ہیں اس پر ایکشن لیں گے اس پر خاموش نہیں رہیں گے، 2014 میں، میں نے خود مقدمہ درج کرایا تھا، آج بھی ایف آئی آر کٹوانا پڑی تو جن لوگوں نے یہ کیا ان پر ایف آئی آر کٹواؤں گا۔

سپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ ہم اس پر خاموش نہیں رہیں گے ، ڈپٹی سپیکر، وزیر قانون، علی محمد خان اور دیگر کے ساتھ مل کر اس پر لائحہ عمل بنائیں گے، ہم اسے سنجیدگی سے لیں گے۔

دوسری جانب سپیکر قومی اسمبلی نے آئی جی اسلام آباد،  ڈی آئی جی آپریشنز اور ایس ایس پی آپریشنز کو بھی طلب کرلیا۔

یاد رہے کل رات پی ٹی آئی کے کچھ ممبران اسمبلی کو پارلیمنٹ بلڈنگ کے اندر سے گرفتار کیا گیا تھا جس پر تحریک انصاف نے قومی اسمبلی میں شدید ردعمل دیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.