پنجاب ریونیو اتھارٹی کی سیلز ٹیکس ادائیگی یقینی بنانے کیلئے راولپنڈی ڈویژن میں ٹیکس کی آگاہی مہم
60 لاکھ سالانہ یا زائد آمدن والے ریسٹورنٹس کو الیکٹرانک انوائس مانیٹرنگ سسٹم کی تنصیب کروانا لازمی قرار دیا ہے۔ ترجمان
لاہور: الیکٹرانک انوائس مانیٹرنگ سسٹم کی تنصیب اور سیلز ٹیکس ادائیگی کو یقینی بنانے کیلئے پنجاب ریونیو اتھارٹی (پی آر اے) نے راولپنڈی ڈویژن میں ٹیکس کی آگاہی مہم کا آغاز کردیا۔
ترجمان پی آر اے کا کہنا ہے کہ چیئرمین پنجاب ریونیو اتھارٹی اور کمشنر پنجاب ریونیو اتھارٹی راولپنڈی کی خصوصی ہدایت پر راولپنڈی ڈویژن کے شادی ہالز و ریسٹورنٹس سے آگاہی مہم کا آغاز کیا جا رہا ہے۔
پہلے مرحلے میں راولپنڈی شہر میں واقع شادی ہالز و ریسٹورنٹس پر آگاہی مہم کے تحت سٹینڈیز رکھی گئی ہیں اور بینرز آویزاں کئے گئے ہیں جبکہ دوسرے مرحلے میں آگاہی مہم کا دائرہ کار راولپنڈی ڈویژن کے دیگر اضلاع تک پھیلایا جا رہا ہے۔
ترجمان پی آر اے کا کہنا ہے کہ راولپنڈی شہر میں پشاور روڈ، حیدر روڈ، آدم جی روڈ، کامران مارکیٹ میں پی آر اے کی جانب سے سٹیمرز و بینرز لگائے گئے ہیں،ان سٹیمرز و بینرز پر ریسٹورنٹس مالکان کو اہم پیغام دیا گیا ہے۔
ریسٹورنٹس میں سسٹم کی تنصیب کے باوجود رسیدوں کا اجراء نا کرنے والوں کو بھی انتباہ جاری کیا گیا ہے۔60 لاکھ سالانہ یا زائد آمدن والے ریسٹورنٹس کو الیکٹرانک انوائس مانیٹرنگ سسٹم کی تنصیب کروانا لازمی قرار دیا ہے۔
الیکٹرانک سسٹم نہ لگانے پر پی آر اے کی جانب سے انضباطی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ پنجاب ریونیو اتھارٹی کی پنجاب سیلز ٹیکس کی ادائیگی کو یقینی بنانے کے لیے راولپنڈی کے عوام سے بھرپور تعاون کی درخواست ہے۔
ٹیکس کی ادائیگی میں کوتاہی و چوری کی صورت میں پی آر اے کے ہیلپ لائن نمبر051-9334065
پر ہمیں آگاہ کریں اور ملک و قوم کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔