انتہا پسندوں اور میڈیا کا خوف: ارشد ندیم کو بھارت آنی کی دعوت دیکر نیرج چوپڑا صفائیاں دینے پر مجبور

نیرج چوپڑا نے ہمدردیاں حاصل کرنے کیلئے پہلگام واقعہ کی مذمت کی اور اسے تکلیف دہ قرار دیا

82

بھارت میں انتہا پسندوں اور میڈیا کی تنقید سے بچنے کیلئے بھارتی اولمپیئن جیولین تھرور نیرج چوپڑا سپورٹس مین اسپرٹ کا مظاہرہ کرنا ہی بھول گئے۔

نیرج چوپڑا نے ارشد ندیم کو بنگلورو جیولین تھرو ایونٹ کے لیے خود مدعو کیا تھا تاہم 2 روز قبل اولمپیئن ارشد ندیم نے اپنے مصروف شیڈول کی وجہ سے ایونٹ میں شرکت سے معذرت کی تھی۔

تاہم اب پہلگام واقعہ کے بعد نیرج چوپڑا بھارتی میڈیا اور انتہا پسندوں سے ڈر کر اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کو دعوت دینے کی وضاحت کرنے لگے۔

نیرج چوپڑا نے ہمدردیاں حاصل کرنے کیلئے  پہلگام واقعہ کی  مذمت کی اور اسے تکلیف دہ قرار دیا۔

نیرج چوپڑا نے کہا کہ ارشد ندیم کو ایونٹ کی دعوت پہلگام کے واقعہ  سے بہت پہلے دی گئی تھی، میں اپنے الفاظ پر قائم رہنے والا شخص ہوں لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ کچھ غلط ہو تو خاموش رہوں گا۔

انہوں نے کہا کہ ارشد ندیم کو دعوت دینے کے فیصلے پر بہت کچھ کہا جا رہا ہے، اس حوالے سے بہت کچھ غلط کہا گیا اور نفرت کا اظہار کیا گیا تاہم ارشد ندیم کو دعوت ایک ایتھلیٹ کی دوسرے ایتھلیٹ کو دعوت تھی ،یہ دعوت نامہ اس سے بڑھ کر کچھ نہیں تھا۔

نیرج چوپڑا کا کہنا تھا کہ این سی کلاسیک کیلئے  بہترین جیولین تھرورز کو مدعو کرنا تھا، تمام ایتھلیٹس کو دعوت نامے پیر کو حملے سے2  روز قبل بھیجے گئے،  48 گھنٹوں میں جو کچھ ہوا اس کے بعد ارشد ندیم کی این سی کلاسیک میں شرکت کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، ملک اور اس کا مفاد سب سے پہلے ہے، میری ہمدردیاں ان سب کے ساتھ جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھویا۔

یاد رہے کہ نیرج چوپڑا کلاسیک 22 مئی سے بنگلورو میں شیڈولڈ ہے اور ارشد ندیم پہلے ہی ایشین ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ کا شیڈول طے کرچکے ہیں۔

ارشد ندیم نے ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کی وجہ سے بھارت جانے سے معذرت کی تھی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.