کرم میں سرکاری قافلے پر فائرنگ، اسسٹنٹ کمشنر اور تین پولیس اہلکار زخمی
اسسٹنٹ کمشنر امن و امان قائم کرنے کے لیے بوشہرہ جا رہا تھے ، فتح کلے کی طرف سے فائرنگ کی گئی۔
پشاور: اپر کرم میں دو قبائل کے درمیان جنگ بندی کے لیے آنے والے سرکاری قافلے پر فائرنگ سے اسسٹنٹ کمشنر کرم سمیت تین پولیس اہل کار زخمی ہوگئے۔
ایس ایچ او کے مطابق اپر کرم میں ضلعی انتظامیہ نے جنگ بندی کروا دی تھی لیکن دوسرے فریق سے بات چیت کے لیے جانے والے قافلے پر فائرنگ کی گئی۔ فائرنگ میں سرکاری قافلے کی قیادت کرنے والے اسسٹنٹ کمشنر کرم سعید منان زخمی ہوگئے۔
اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اسسٹنٹ کمشنر منان کو بوشہرہ ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
غلجو کلے کے ساتھ اسسٹنٹ کمشنر امن و امان قائم کرنے کے لیے بوشہرہ جا رہا تھے جس پر فتح کلے کی طرف سے فائرنگ کی گئی۔
پولیس نے بتایا ہے کہ اسسٹنٹ کمشنر کے ساتھ ساتھ فائرنگ میں تین اہل کار بھی زخمی ہوئے ہیں جب کہ زخمی اسسٹنٹ کمشنر ریونیو سعید منان کو آپریشن تھیٹر منتقل کردیا گیا۔
ضلعی انتظامیہ کرم کا کہنا ہے کہ علاقے میں سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر حفاظتی انتظامات کیے جا رہے ہیں جب کہ دوسری جانب کوہاٹ میں کمشنر آفس میں جرگہ جاری ہے۔
کُرم میں پھنسے ہوئے 66 افراد کا کامیاب انخلا
ادھر کُرم میں پھنسے ہوئے 66 افراد کا کامیاب انخلا کرلیا گیا۔ تری منگل میں مشران کی سفارش پر 66 افراد، بشمول خواتین و بچے محفوظ مقام پر منتقل کردیے گئے۔ فسادات کی وجہ سے عوام پھنس گئے تھے۔