کراچی ایئرپورٹ کے قریب دھماکا،2 چینی باشندوں سمیت 3 غیرملکی جاں بحق، 17 زخمی
ایئرپورٹ سگنل کے قریب آئل ٹینکر زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جس کی آواز دور تک سنی گئی
کراچی: جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب دھماکے میں دو چینی باشندوں سمیت 3 غیرملکی جاں بحق جبکہ 17 شہری زخمی ہوگئے، تین گاڑیاں اور چار موٹر سائیکلیں تباہ ہوگئیں۔
تفصیلات کے مطابق ایئرپورٹ سگنل کے قریب آئل ٹینکر زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جس کی آواز دور تک سنی گئی، اطراف میں رہنے والے لوگ گھروں سے باہر نکل آئے، رینجرز اور پولیس نے موقع پر پہنچ کرعلاقے کو گھیرے میں لے لیا، فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچ کر آگ بھجانے میں مصروف ہوگئیں۔
ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد ٹینکر اور گاڑیوں کی آگ بجھا دی گئی، دھماکے کے بعد شارع فیصل ایئر پورٹ کے اطراف میں بدترین ٹریفک جام ہوگیا، ٹریفک پولیس بحال کرانے کی کوشش میں مصروف ہوگئی۔
ریسکیو ٹیم کا کہنا ہے واقعہ میں ایک شخص جاں بحق اور10 افراد زخمی ہوئے، ہلاک شخص و زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا، زخمیوں میں 3 سکیورٹی، 2 رینجرز و ایک پولیس اہلکار، ایک غیر ملکی اور دیگر تین افراد شامل ہیں، غیر ملکی کو نجی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے، جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھا کرنے کیلئے سی ٹی ڈی اور بم ڈسپوزل سکواڈ کی ٹیمیں بھی موقع پر پہنچ گئیں۔
جناح ہسپتال میں 2 غیر ملکیوں اور ایک مقامی شہری کی لاش لائی گئی
دوسری جانب ہسپتال حکام کا بتانا ہے کہ دھماکے بعد جناح ہسپتال میں 2 غیرملکیوں سمیت3 افرادکی لاشیں لائی گئیں جن میں سے ایک لاش مقامی باشندے کی ہے جس کی شناخت نہیں ہوسکی۔
صوبائی وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار کا کہنا ہے کہ واقعہ دہشت گردی کا نتیجہ ہے دہشت گردوں نے نشانہ ایک کار کو بنایا ہے جس میں غیر ملکی سوار تھا جو زخمی ہوا ہے، دھماکے کے بعد گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔
ایس ایس پی ملیر کاشف عباسی کے مطابق ہر زاویے سے تفتیش کی جارہی ہے جبکہ صوبائی وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار کا کہنا ہے دہشت گردوں کا ہدف غیر ملکی گاڑی تھی جسے نشانہ بنانا تھا، واقعہ کے بعد صوبائی وزیرداخلہ، آئی جی سندھ ودیگر افسران موقع پر پہنچ گئے۔
دریں اثنا وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس چیف سے رپورٹ طلب کرلی، وزیراعلیٰ نے زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کے بھی احکامات دیے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق دھماکے میں جاں بحق ہونے والے تین غیر ملکیوں کی شناخت کر لی گئی جاں بحق ہونے والوں میں لی جون ، وہ چون ژن اور لی ژہااو شامل ہیں۔