وہاڑی: ضلعی انتظامیہ اور محکمہ پولیس کی 5 مقامات پر مشترکہ کھلی کچہریوں کا انعقاد
ڈپٹی کمشنر عمرانہ توقیر اور ڈی پی او منصور امان نے سائلین کے مسائل سن کر موقع پراحکامات جاری کئے۔
وہاڑی: وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن “عوامی مسائل کا حل انکی دہلیز پر ” کے تحت ضلعی انتظامیہ وہاڑی اور محکمہ پولیس نے 5مقامات پر مشترکہ کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا، ڈپٹی کمشنر عمرانہ توقیر اور ڈی پی او منصور امان نے سائلین کے مسائل سن کر موقع پراحکامات جاری کئے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کے احکامات پر ضلعی انتظامیہ وہاڑی اور محکمہ پولیس کی جانب سے 5 مختلف علاقوں میں کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا گیا۔ کھلی کچہریاں یونین کونسل دانیوال، بنیادی مرکز صحت چک نمبر 5ڈبلیو بی، ماچھیوال چک نمبر 4ڈبلیو بی،چک نمبر 557ای بی اور چک نمبر 537ای بی میں لگا کر سائلین مسائل سنے گئے اور ان کے حل کیلئے احکامات جاری کئے گئے ۔

ڈپٹی کمشنر عمرانہ توقیر کا کہنا تھا کہ سائلین کے مسائل کا حل اولین ترجیح ہے، کھلی کچہریوں میں آنے والی درخواستوں پر عملدرآمد بارے فیڈ بیک بھی لیا جاتا ہے، کھلی کچہریوں کا مقصد حکومت،انتظامیہ اور عوام کے درمیان فاصلوں کو کم کرنا ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ( ڈی پی او) وہاڑی منصور امان کا کہنا تھا کہ کھلی کچہریوں میں عوامی مسائل کو سن کر بروقت حل کیا جا رہا ہے،محکمہ پولیس عوامی خدمت کیلئے دن رات کوشاں ہے۔
عوام کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات پرکھلی کچہریوں کے انعقاد کوسراہا گیا، کھلی کچہریوں میں اسسٹنٹ کمشنر غزالہ کنول، ڈی ایس پیز، مختلف محکموں کے افسران اور سائلین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔