26ویں آئینی ترمیم: قومی اسمبلی اور سینیٹ کا اجلاس 17اکتوبر کو طلب کرنیکا فیصلہ

سیاسی جماعتوں کے درمیان مشاورتی عمل کا فائنل راونڈ شروع ،جمعرات کو وفاقی کابینہ کے اجلاس میں 26 ویں آئینی ترمیم کی منظوری کا امکان

73

اسلام آباد:  26ویں آئینی ترمیم کی قومی اسمبلی اور سینیٹ سے منظوری کیلئے دونوں ایوانوں کے اجلاس 17 اکتوبر کو طلب کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

اجلاس طلب کرنے کے لیے وزارت پارلیمانی امور کی جانب سے سمری وزیراعظم کو ارسال کر دی گئی، صدر کی منظوری کے بعد قومی اسمبلی کا اجلاس 17 اکتوبرشام چار بجے جبکہ سینیٹ کا اجلاس3 بجے بلایا جائے گا ۔

دوسری جانب 26ویں آئینی ترمیم کی سیاسی جماعتوں کے درمیان مشاورتی عمل کا فائنل راونڈ شروع ہوگیا ہے اور پارلیمانی خصوصی کمیٹی کا اہم اجلاس کل شام چار بجے طلب کر لیا گیا ہے۔

چیئرمین کمیٹی سید خورشید شاہ پارلیمانی خصوصی کمیٹی کی صدارت کریں گے جبکہ 26ویں آئینی ترامیم سے متعلق مسودے کی تیاری اور سیاسی جماعتوں کے آئینی مسودوں پر مشارت کی جائے گی۔

دریں اثنا پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے بیرون ملک موجود اراکین اسمبلی اور سینیٹ کو اجلاسوں میں شرکت کو یقینی بنانے کیلئے پاکستان پہنچنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

ذرائع نے بتایاکہ جمعرات کو وفاقی کابینہ کے اجلاس میں 26 ویں آئینی ترمیم کی منظوری کا امکان ہے ۔ ذرائع کے مطابق 26 ویں آئینی ترامیم کیلئے پہلے وفاقی کابینہ سے منظوری لی جائے گی جس کے بعد قومی اسمبلی میں پیش کی جائے اور پھر سینیٹ میں پیش کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ 26 ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی کےاجلاس میں مشترکہ مسودہ بنانے کی کوششیں جاری ہیں اور اس کمیٹی میں تمام جماعتوں کے رہنما شامل ہیں۔

کمیٹی میں پی ٹی آئی کے سوا تمام جماعتوں نے اپنے مسودے پیش کیے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.