وہاڑی: ٹھینگی میں حساس ادارے کے ملازم کے قتل کا معمہ حل
سفاک ڈاکوؤں نے بیٹی کے سامنے باپ کو ڈکیتی کی کوشش کے دوران قتل کر دیا: پولیس
وہاڑی: ٹھینگی کے علاقے میں حساس ادارے کے ملازم کا دوران ڈکیتی قتل کا معمہ حل کر لیا گیا۔
ایس پی انویسٹی گیشن فاروق احمد کمیانہ نے ڈی ایس پی صدر محمد اشرف تبسم کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ حساس ادارے کا ملازم اپنی بیٹی کو ملتان پیپر دلوانے جا رہا تھا کہ سفاک ڈاکوؤں نے بیٹی کے سامنے باپ کو ڈکیتی کی کوشش کے دوران قتل کر دیا، ڈی پی او وہاڑی منصور امان کی سپرویژن اور گائیڈ لائن کے مطابق ورکنگ کی گئی جس کی بدولت کیس ٹریس ہوا۔
ایس پی انویسٹی گیشن نے مزید بتایا کہ وقوعہ کا ایک ملزم نعیم دوران پولیس مقابلہ اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو چکا ہے، واردات کے دوسرے ملزم غلام مصطفیٰ کو جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ تیسرے ملزم نوریز کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
ایس پی انویسٹی گیشن کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ کیس ٹریس ہوا اور ہم متاثرہ فیملی کے سامنے سر خرو ہوئے، اندھے قتل کو ٹریس کرنا ناممکن تھا لیکن ایس ایچ او تھانہ ٹھینگی ارشد تارڑ اور وہاڑی پولیس کی پروفیشنل ٹیم کی بدولت ممکن ہوا۔