لاہور ہائیکورٹ :پرویز الٰہی کو گرفتار کرنے پر آئی جی اسلام آباد کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری
لاہور ہائیکورٹ نے رہائی کے حکم کے باوجود پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے صدر چوہدری پرویز الٰہی کو گرفتار کرنے پر آئی جی اسلام آباد کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔
رہائی کے حکم کے باوجود پرویز الٰہی کو گرفتار کرنے پر پولیس افسروں کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت لاہور ہائیکورٹ میں ہوئی۔
آئی جی اسلام آباد وارنٹ گرفتاری کے باوجود لاہور ہائیکورٹ میں پیش نہ ہوئے جس پر لاہور ہائیکورٹ نے آئی جی اسلام آباد کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔
لاہور ہائیکورٹ نے متعلقہ ایس پی اسلام آباد کو آئی جی کو پیش نہ کرنے پر شوکاز نوٹس بھی جاری کر دیا اور حکم دیا کہ آئی جی اسلام آباد کو گرفتار کرکے عدالت پیش کریں۔
عدالت نے ڈی آئی جی آپریشنز اور ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کا تحریری جواب بھی مسترد کر دیا اور دونوں افسران کو فردجرم عائد کرنے کے لیے طلب کر لیا جبکہ سرکاری وکیل کو پراسیکیوٹر مقرر کر دیا۔