اسلام آباد ہائیکورٹ کے 5 ججز نے سنیارٹی کا معاملہ ایک بار پھر اٹھا دیا
پانچ ججز نے سنیارٹی لسٹ کے خلاف ریپریزنٹیشن چیف جسٹس پاکستان اور چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کو بھجوا دی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے 5 ججز نے ججز کی سنیارٹی کا معاملہ ایک بار پھر اٹھا دیا ہے۔
پانچ ججز نے سنیارٹی لسٹ کے خلاف ریپریزنٹیشن چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کو بھجوا دی ہے۔
ذرائع کے مطابق چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی کوبھی ججز ریپریزنٹیشن کی کاپی بھجوا دی گئی ہے۔
خیال رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق کی منظوری سےگزشتہ روز ججز کی سنیارٹی لسٹ جاری کی گئی تھی۔
ذرائع کے مطابق جسٹس محسن کیانی، جسٹس طارق محمود جہانگیری اور جسٹس بابر ستار سنیارٹی کا معاملہ اٹھانے والوں میں شامل ہیں۔ جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز بھی ریپریزنٹیشن بھیجنے والوں میں شامل ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس ارباب محمد طاہر کی جانب سے الگ سے ریپریزنٹیشن فائل کیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق ججز کی ریپریزنٹیشن میں کہا گیا ہے کہ جج جس ہائی کورٹ میں تعینات ہوتا ہے اُسی ہائی کورٹ کے لیے حلف لیتا ہے، آئین کی منشا کے مطابق دوسری ہائی کورٹ میں ٹرانسفر ہونے پر جج کو نیا حلف لینا پڑتا ہے، دوسری ہائی کورٹ میں ٹرانسفر ہونے والے جج کی سنیارٹی نئے حلف کے مطابق طے ہوگی۔
عدالتی ذرائع نے کہا ہےکہ ججز کی جانب سے دائر ریپریزنٹیشن سنیارٹی سے متعلق ہے، ججز کے تبادلے سے کوئی تعلق نہیں۔
ذرائع کے مطابق ریپریزنٹیشن میں چیف جسٹس یحییٰ آفریدی سے جوڈیشل کمیشن اجلاس مؤخرکرنے کی درخواست کی گئی ہے۔ ججز نےکہا ہے کہ سنیارٹی کا مسئلہ حل ہونے تک چیف جسٹس یحییٰ آفریدی جوڈیشل کمیشن اجلاس ملتوی کریں۔