لاہور میں بارش کا 44 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا
موسلا دھار بارش سے شہر شدید متاثر، آئندہ 10 روز تک مزید بارشیں متوقع، اربن فلڈ کی صورتحال کی وجہ سے مسافروں کو پریشانی کا سامنا
لاہور: پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں جمعرات کو ہونے والی موسلا دھار بارش نے شہرکو ڈبو کر رکھ دیا، میٹرو پولس شہر میں تین گھنٹوں میں 350 ملی میٹر سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی، جس نے 44 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا۔
موسلا دھار بارش کی وجہ سے تاج پورہ کے علاقے میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا، سڑکیں ڈوب گئیں اور صبح سویرے شہریوں کو اپنی نوکریوں اور کام پر آنے جانے میں خلل پڑا۔ اس کے علاوہ کئی علاقوں میں بجلی معطل ہے۔
بارش صرف لاہور تک ہی محدود نہیں رہی کیونکہ کراچی، اسلام آباد، راولپنڈی، شیخوپورہ، پاکپتن، قصور، جہلم اور ملک کے کئی دیگر شہروں میں موسلا دھار بارش ہوئی جس سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔
لاہور کی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے پاکستان کے محکمہ موسمیات کے چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے بارشوں کو “موسلا دھار” قرار دیا۔
لاہور کے اہم مقامات کل بارش (ملی میٹر)
ایئرپورٹ 357
ہیڈ آفس واسا، گلبرگ 210
لکشمی چوک 211
اپر مال 215
مغلپورہ ایس ڈی او آفس 202
تاج پورہ ایس ڈی او آفس 258
نشتر ٹاؤن ڈائریکٹر آفس 299
چوک ناخودہ 247
پانی والا تالاب 314
فرخ آباد 275
گلشن راوی 235
اقبال ٹاؤن ایس ڈی او آفس 260
سمن آباد ایس ڈی او آفس 232
جوہر ٹاؤن ایس ڈی او آفس 270
قرطبہ چوک 218
انہوں نے مزید کہا کہ لاہور بھر میں تیز بارشیں ہو رہی ہیں۔ “پنجاب کے مقابلے سندھ میں زیادہ بارشیں ہوئیں لیکن اس کی توقع تھی۔”
انہوں نے مزید کہا کہ “اس سپیل کی شدت میں کمی دیکھنے کی امید ہے، لیکن آج شام تک وقفے وقفے سے بارش ہوتی رہے گی کیونکہ کافی بادل چھائے ہوئے ہیں۔ یکم سے 6 اگست تک ملک کے کئی حصوں میں بارش ہوگی۔”
موسلا دھار بارش سے شہر مفلوج ہو گیا، پانی سروسز ہسپتال اور میو ہسپتال کی ایمرجنسی وارڈز میں داخل ہو گیا جس سے مریضوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
دریں اثناء لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کے حکام نے بتایا کہ شہر میں بارش کے باعث 400 سے زائد فیڈر ٹرپ کر گئے ہیں۔
لیسکو حکام کا مزید کہنا ہے کہ جیسے ہی بارش رکے گی، بجلی کی بحالی کا کام شروع ہو جائے گا۔
نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس (این ایچ اینڈ ایم پی) کے ترجمان کے مطابق قومی شاہراہوں پر اکثر مقامات پر وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ موٹروے ایم 2 سے پنڈی بھٹیاں، شیخوپورہ، کالا شاہ کاکو اور ٹھوکر نیاز بیگ تک بارش ریکارڈ کی گئی جب کہ مانگا منڈی، پتوکی، رینالہ خورد اور اوکاڑہ بھی بارش کے پانی میں ڈوب گئے۔
ادھر فیض پور سے ننکانہ صاحب تک موٹروے ایم تھری پر بھی تیز بارش ہوئی۔
کراچی میں بارش
سرفراز نے کہا کہ کراچی میں زیادہ سے زیادہ 11 سے 12 ملی میٹر تک بارش ہوئی – ہلکی اور معتدل ۔ “تاہم، کراچی کے کچھ علاقے ایسے ہیں جہاں بارش نہیں ہوئی۔”
چیف میٹرولوجسٹ نے کہا کہ توقع ہے کہ کل بارش رک جائے گی۔ تاہم، انہوں نے کہا، 3 اگست سےایک اور سپیل متوقع ہے، جو 6 اگست تک جاری رہے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ “ملک بھر میں، اگلے 10 دنوں تک موسلادھار بارشوں کی توقع کرتے ہیں۔”
صدر، آئی آئی چندریگر، طارق روڈ، گلستاں جوہر، گلشن اقبال، شارع فیصل، ایئرپورٹ روڈ، ملیر ہالٹ اور ملیر کینٹ میں وقفے وقفے سے بارش ہو رہی ہے۔