بھارت نے جونیئر ہاکی ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان کو شکست دے کر چوتھی بار ٹائٹل اپنے نام کرلیا

535

صلالہ۔1جون (اے پی پی):بھارت نے جونیئر ہاکی ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان کو شکست دے کر چوتھی بار ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ فائنل مقابلے میں بھارت نے پاکستان کو 2-1 سے شکست دی

۔ جمعرات کو عمان کے شہر صلالہ میں جاری جونیئر ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت نے آغاز میں ہی جارحانہ ہاکی کھیلی اور پہلے ہاف کے 13ویں منٹ میں انگد بیر سنگھ نے اور 20ویں منٹ میں ارجیت سنگھ نے گول کرکے اپنی ٹیم کو 2-0 کی برتری دلادی۔

اس کے بعد پاکستان ٹیم نے گیم میں واپسی کرتے ہوئے 38ویں منٹ میں گول کرکے خسارہ کم کیا ، پاکستان کی طرف سے واحد گول بشارت علی نے 38ویں منٹ میں کیا۔ اس کے بعد دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کی گول پوسٹ پر بھرپور حملے کئے تاہم چوتھے کوارٹر میں دونوں ٹیمیں کوئی گول نہ کرسکیں۔

ایک موقع پر پاکستان نے لگاتار دو پینلٹی کارنر حاصل کئے تاہم وہ ان کارنرز کو گول میں نہ بدل سکے، اس طرح بھارت نے فائنل 2-1 سے اپنے نام کرلیا۔

واضح رہے کہ پاکستان کو مسلسل تیسری بار جونیئر ایشیا کپ کے فائنل میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا جبکہ مجموعی طور پر قومی ٹیم نے ساتویں بار جونیئر ایشیا کپ فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.