فوجی عدالتوں سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر حکومت کا اپیل دائر کرنیکا فیصلہ
اسلام آباد: معلوم ہوا ہے کہ حکومت نے سویلینز کے ملٹری کورٹس میں ٹرائل کو غیر آئینی قرار دینے کے فیصلے کیخلاف اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کابینہ کے دو ارکان نے دی نیوز کو بتایا کہ سپریم کورٹ کی جانب سے پیر کو سنائے گئے فیصلے کیخلاف اپیل دائر کی جائے گی تاہم وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی سے جب رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ حکومت تفصیلی فیصلے کا انتظار کرے گی۔
مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ وزارت قانون دیگر اداروں کے ساتھ مل کر فیصلے کا جائزہ لے گی، اس معاملے پر وزار ت قانون کی رائے کو مد نظر رکھتے ہوئے حتمی فیصلہ کابینہ کرے گی۔
پیر کو سپریم کورٹ کی جانب سے سنائے گئے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ملٹری کورٹس میں سویلینز کا ٹرائل غیر آئینی ہے، اور قرار دیا کہ 9 اور 10 مئی کے واقعات کے حوالے سے گرفتار 103 افراد کا ٹرائل عمومی یا خصوصی قوانین کے تحت قائم کردہ فوجداری عدالتوں میں کیا جائے۔