سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کیخلاف درخواستوں پر فل کورٹ سماعت آج ہو گی

88

سپریم کورٹ میں سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کے خلاف درخواستوں پر سماعت آج ہو گی۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ پہلے عدالتی دن پر فل کورٹ کی سربراہی کریں گے، سپریم کورٹ کے 15 ججز پر مشتمل فل کورٹ سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کی سماعت کرے گا۔

سپریم کورٹ کے 8 رکنی بینچ نے پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ پر 13 اپریل کو عملدرآمد روکا تھا۔

سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ مفاد عامہ کے مقدمات میں چیف جسٹس کے اختیارات کو تقسیم کرنے سے متعلق ہے۔

پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کے مطابق ازخود نوٹس لینے کا فیصلہ چیف جسٹس اور دو سینئر ججز پر مشتمل کمیٹی کر سکے گی۔

عدالتی کارروائی براہ نشر ہو گی یا نہیں؟ فل کورٹ سماعت سے پہلے فل کورٹ اجلاس ہو گا 

سپریم کورٹ میں پریکٹس اینڈ پروسیجرل ایکٹ کی سماعت براہ راست نشر ہو گی یا نہیں؟ اس حوالے سے سپریم کورٹ میں سماعت سے قبل فل کورٹ اجلاس ہو گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ فل کورٹ اجلاس میں سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کیس کی براہ راست نشریات کے طریقہ کار پر غور ہو گا۔

گزشتہ روز پاکستان ٹیلی ویژن کو فل کورٹ کی براہ راست نشریات کی ہدایات جاری کی گئی تھیں جس پر پاکستان ٹیلی ویژن کی ٹیم نے سپریم کورٹ کا دورہ کر کے جائزہ لیا تھا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز ہی جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے چیف جسٹس پاکستان کے عہدے کا حلف لیا تھا اور حلف لینے کے بعد پہلا مقدمہ سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ سماعت کے لیے مقرر کیا تھا۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے رواں برس اپریل میں کسی بھی آئینی مقدمے کے بینچ کا حصہ بننے سے معذرت کرتے ہوئے کہا تھا جب تک سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ سے متعلق درخواستوں پر فیصلہ نہیں ہوتا وہ کسی بینچ کا حصہ نہیں بنیں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.