دریائے ستلج میں بہاولپور اور بہاولنگر کے مقام پر پانی کی سطح بڑھ گئی

110

دریائے ستلج میں بہاول پور اور  بہاول نگر کے مقام پر پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ جاری ہے۔ 

ضلعی انتظامیہ کے مطابق دریائے ستلج میں ہیڈ اسلام کے مقام پر پانی کی سطح میں اضافہ ہورہا ہے، ہیڈ اسلام پر پانی کی آمد و اخراج 14 ہزار 221 کیوسک ریکارڈ کی گئی ہے۔

ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ وہاڑی ضلع کی حدود میں دریائے ستلج معمول کے مطابق بہہ رہا ہے جب کہ جسڑ کے مقام پر دریائے راوی کے پانی کی سطح میں کمی جاری ہے جہاں پانی کا بہاؤ 24 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا جا رہا ہے، نالہ بئیں میں پانی کابہاؤ 234 اورنالہ ڈیک میں 220 کیوسک ریکارڈ کیا جا رہا ہے

ادھربالائی علاقوں سے بارشوں کا پانی سندھ میں داخل ہونے سے بیراجوں پر پانی کی صورتحال نارمل ہوگئی ہے، سیلابی ریلہ 6 سے 7 روز میں سکھر بیراج پہنچے گا لیکن سیلاب کا کوئی خطرہ نہیں ہے جب کہ کوٹ مٹھن کے مقام پر پانی کی سطح میں اضافہ ہورہا ہے۔

جھنگ میں دریائی پٹی کے ساتھ کھڑی فصلیں پانی کی زد میں آگئی ہیں، دریائے چناب میں جھنگ کے مقام پر سیلابی ریلے کے بہاؤ میں کمی آنے لگی، دریائے راوی میں نارووال سے سیلابی ریلہ گزرگیا جب کہ پانی کے بہاؤ میں کمی جاری ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.