پی سی بی کے تحفظات، پاکستان کرکٹ ٹیم سٹیڈیم کے قریب ہوٹل میں منتقل

عجیب بات یہ ہے کہ بھارت کو نیویارک میں گراؤنڈ سے صرف 10 منٹ کی دوری پر رکھا گیا تھا۔

102

نیویارک: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی کی جانب سے پاکستان ٹیم کے نیویارک میں کرکٹ سٹیڈیم سے دور قیام پراظہار عدم اطمینان کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ بورڈ (آئی سی سی) نے پاکستان ٹیم کے لیے ہوٹل تبدیل کر دیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم کے لیے رہائش کا نوٹس لیتے ہوئے پی سی بی سربراہ نے آئی سی سی سے رابطہ کیا، انہوں نے ناصرف ٹیم کی رہائش پرعدم اطمینان کا اظہار کیا بلکہ ورلڈ کپ انتظامیہ کو پاکستانی ٹیم کا ہوٹل تبدیل کرنے پر بھی راضی کیا۔

ان کی مداخلت پر، پاکستان کو ناساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم سے پانچ منٹ کے فاصلے پر ایک ہوٹل میں ٹھہرایا گیا ہے، جہاں پاکستان کے دو میچ 9 اور 11 جون کو کھیلے جائیں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ اس سے قبل پاکستان ٹیم جس ہوٹل میں ٹھہری ہوئی، اس ہوٹل کا سٹیڈیم سے 90 منٹ کا فاصلہ ہے۔

عجیب بات یہ ہے کہ بھارتی ٹیم کو نیویارک کے کرکٹ گراؤنڈ سے صرف 10 منٹ کی دوری پر ٹھہرایا گیا تھا، جب کہ پاکستان کے علاوہ کچھ ٹیموں کے ہوٹل بھی ایک گھنٹے سے زیادہ فاصلے پر تھے، ذرائع کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقہ اور سری لنکا پہلے ہی نیویارک میں قیام کے دوران انہیں فراہم کردہ سہولیات پر تحفظات کا اظہار کر چکے تھے۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ  ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 کی انتظامیہ نے دہشت گرد حملوں کی دھمکیوں کے بعد 9 جون کو ہونے والے پاک بھارت ہائی اوکٹین میچ کے لیے سکیورٹی بڑھا دی ہے۔

اطلاعات کے مطابق ایک دہشت گرد تنظیم نے نیویارک میں ورلڈ کپ کے دوران حملے کی دھمکی دی ہے۔ پاکستان میٹروپولیس میں دو میچ کھیلے گا جب کہ بھارت کو چار میچ کھیلنے ہیں۔

دوسری جانب نیویارک کی گورنر کیتھی ہوچول نے کہا ہے کہ وہ کئی مہینوں سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر کرکٹ ورلڈ کپ کے دوران مہمانوں اور نیویارک کے شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے کام کر رہی ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.