ایرانی حملے میں کتنے اسرائیلی ایف 35 لڑاکا طیارے تباہ ہوئے؟ انقلابی گارڈز کا بڑا دعویٰ
سائبر اور الیکڑانک وارفیئر حملوں کے ذریعے 90 فیصد میزائل نشانے پر لگے تھے: بریگیڈیئر جنرل ابراہیم جباری
تہران: ایران نے دعویٰ کیا ہےکہ اسرائیلی فوجی اہداف پر حالیہ جوابی میزائل حملوں میں صیہونی حکومت کے ایف 35 لڑاکا طیاروں کی بڑی تعداد میں تباہی ہوئی ہے۔
تہران میں ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی انقلابی گارڈز کے مشیر بریگیڈیئر جنرل ابراہیم جباری نے کہا ہے کہ یکم اکتوبر کو ایران نے اسرائیلی حکومت کے خلاف جو میزائل فائر کیے ان میں سے 90 فیصد نے کامیابی سے اپنے اہداف کو نشانہ بنایا۔
ابراہیم جباری کا کہنا تھا کہ ایرانی حملے میں کئی اسرائیلی ایف 35 لڑاکا طیارے بھی تباہ ہوئے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ میزائل حملوں کے دوران سائبر اور الیکڑانک وارفیئر حملوں کے ذریعے 90 فیصد میزائل نشانے پر لگے تھے، اسرائیل اور امریکا کے لیے یہ سب سے بڑا سرپرائز تھا۔
واضح رہے کہ ایران نے حماس رہنما اسماعیل ہنیہ اور حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ کے قتل کا بدلہ لینے کے لیے اسرائیل پر 190 میزائل داغے تھے جس میں اسرائیل کی تین ایئر بیسز اور فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا تھا۔
ایران کی القدس فورس نے اسرائیل پر حملے میں 90 فیصد اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا تھا جب کہ اسرائیل کا کہنا ہے کہ ایران کے زیادہ تر میزائل تباہ کر دیے گئے تھے، کچھ میزائل اسرائیل کی حدود میں گرے۔