سابق آئی جی پولیس گوہرزمان مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے تعزیتی اجلاس کا انعقاد

گوہر زمان صاحب بحیثیت ایک انسان اور پولیس آفیسر نرم خو اور درد مندانہ احساس رکھنے والی شخصیت تھے: آئی جی سندھ غلام نبی میمن

34

کراچی: سابق آئی جی پولیس گوہرزمان مرحوم کی خدمات کے اعتراف اور انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے تعزیتی اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔

اجلاس آئی جی سندھ غلام نبی میمن اور آل فارمرزآئی جیزایسوسی ایشن آف پاکستان کے اشتراک سے سینٹرل پولیس آفس کراچی میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں آل فارمرز آئی جیز ایسوسی ایشن سندھ کے صدر اظہرفاروقی سمیت ایکزیکٹیو کمیٹی کے ممبران،مرحوم آئی جی کے اہل خانہ و سی پی او کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کے شرکاء کو ڈی آئی جی ٹی اینڈ ٹی کی جانب سے مرحوم آئی جی پی گوہرزمان کی زندگی اور سندھ پولیس کے لئے کی جانے کاوشوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔

اجلاس میں مرحوم آئی جی پی کے فرزند شاہد زمان نے اپنے والد کی ذاتی مصروفیات، شعبہ و معاشرے کے لیے دی جانے والی خدمات پر روشنی ڈالی۔

آئی سندھ غلام نبی میمن نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ  تقریب میں شرکت پر آپ سب کا شکرگزار ہوں، جب میں نے 1991 میں اپنے سروس کیریئر کا آغاز کیا تب گوہر زمان صاحب ریٹایرڈ ہوچکے تھے، بحیثیت ایک انسان اور پولیس آفیسر وہ نرم خو اور درد مندانہ احساس رکھنے والی شخصیت تھے، ہم دعا گو ہیں کہ ہمیں بھی وہی عزت اور مقام ملے جو پاک پرودگار نے گوہر زمان صاحب کو عطا کیا تھا۔

آئی جی سندھ نے مزید کہا کہ بیشک عزت و ذلت اللہ کے ہاتھ میں ہے تاہم  گوہر زمان مرحوم نے جو محکمہ پولیس کے لیئے فلاحی کام کیئے ہیں وہ آج بھی جاری ہیں، پولیس ٹریننگ کالج سعید آباد ہمیں گوہر زمان کی خدمات سے ہی ملا کیونکہ اسوقت انہوں نے حکومت سے اراضی کی منظوری لی تھی۔

تمام شرکاء نے گوہر زمان مرحوم کی بطور پولیس آفیسر انکی دلیری اور شجاعت کے قصے سنائے۔

ڈی آئی جی ٹی اینڈ ٹی شرجیل کھرل نے کہا کہ مرحوم گوہر زمان کے پولیسنگ میں انجام دیئے گئے کارہائے نمایاں  سنگ میل بن گئے ہیں،ان کی زندگی اور شاندار پولیس کیریئر  ہمارے لیے ایک مثال ہے۔

اے ایف آئی جی پی ایسوسی ایشن سندھ کے صدر اظہر علی فاروقی، سابقہ آئی جیز،سلیم واحدی، نیاز احمد صدیقی،نے مرحوم گوہر زمان کی محکمانہ خدمات اور انکی زندگی پر اپنےاپنے خیالات کا اظہارکیا۔

مرحوم آئی جی پی کے فرزند شاہد زمان نے کہا کہ موجودہ آئی جی سندھ کا ان کے والد کیلئے تعزیتی پروگرام کے انعقاد پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔

میرے والد گرامی کی یاد میں تعزیتی اجلاس کی تقریب میں شرکت میرے لئے باعث افتخار ہے۔

گوہر زمان مرحوم کی فیملی نے بذریعہ ویڈیو لنک تقریب میں شرکت کی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.