وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور کو گرفتار کر لیا گیا؟ متضاد اطلاعات

رینجرز نے کے پی ہاؤس اسلام آباد کو سیل کر دیا ، وزیراعلیٰ کے پی کے کو باضابطہ طورپرگرفتارنہیں کیا گیا : بیرسٹر سیف

73

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے ڈی چوک احتجاج میں شرکت کیلئے کے پی ہاؤس پہنچنے والے وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور کو گرفتار کرنے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں تاہم سرکاری ذرائع نے گرفتاری کی تردید کی ہے۔

وزیراعلیٰ کے پی کی گرفتاری کے لیے پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری کے پی ہاؤس پہنچی جو ساتھ قیدی وین بھی لائی۔

پولیس اور رینجرز کے پی ہاؤس میں داخل ہوئی جس کے بعد علی امین کو گرفتار کرنے کی خبریں سامنے آئیں اور کہا گیا کہ آئی جی اسلام آباد نے انہیں گرفتار کرلیا۔

مشیر اطلاعات بیرسٹرسیف نے کہا ہے کہ علی امین گنڈاپور کا موبائل نمبر بند جارہا ہے، رینجرز نے کے پی ہاؤس اسلام آباد کو سیل کر دیا ہے، انہیں باضابطہ طورپرگرفتارنہیں کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری کے پی ہاؤس میں موجود ہے، وزیر اعلیٰ 25 اکتوبر تک ضمانت پر ہیں، ان کی گرفتاری توہین عدالت ہوگی، وزیر اعلیٰ کو اگر گرفتار کیا گیا تو کے پی کےعوام کےمینڈیٹ کی توہین ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ جعلی حکومت کو اس قسم کےغیرآئینی اورغیر قانونی اقدامات کاجواب دینا ہوگا۔

تاہم سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ علی امین کو گرفتار نہیں کیا گیا ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جارہی ہے۔

قبل ازیں سیشن کورٹ اسلام آباد نے شراب برآمدگی کیس میں وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیے تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کے خلاف ریاست پر حملہ آور ہونے کے الزام پر قانونی کارروائی کا امکان ہے، علی امین گنڈاپور پر سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے، سرکاری وسائل کا غلط استعمال کرنے کے الزامات ہیں۔

دوسری جانب سرکاری ذرائع نے تردید کرتے ہوئے کہا کہ علی امین گنڈا پور کی گرفتاری کی خبر غلط ہے۔

علی امین گنڈاپور کے بھائی فیصل امین گنڈاپورکا کہنا تھاکہ رینجرزعلی امین کی گرفتاری کیلئے کےپی ہاؤس گئی ہے، کے پی ہاؤس میں پکڑ دھکڑ جاری ہے اور بھائی علی امین گنڈاپور سے رابطہ نہیں ہورہا ہے۔

یاد رہے کہ رات پتھر گڑھ کے مقام پر گزارنے کے بعد وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کا قافلہ اسلام آباد میں پہنچا تھا اور وہ خیبرپختونخوا ہاؤس چلے گئے تھے۔

بیرسٹر گوہر کی کے پی ہاؤس آمد

چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر وزیراعلیٰ کی گرفتاری کی خبر پر خیبرپختونخوا ہاؤس پہنچ گئے۔

گنڈاپور گرفتار ہوئے تب بھی احتجاج جاری رہے گا: ترجمان پی ٹی آئی

‏مرکزی ترجمان پاکستان تحریک انصاف شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ علی امین گنڈاپور عمران خان سے بڑے لیڈر نہیں، اگر انہیں گرفتار کیا بھی جاتا ہے تو احتجاج کو ہرگز ملتوی نہیں کیا جائےگا بلکہ اسے اعظم خان سواتی لیڈ کریں گے، عمران خان پہلے ہی گرفتار ہیں مزید گرفتاریاں کوئی بڑی بات نہیں احتجاج جاری رکھیں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.