این ٹی ڈی سی ایتھلیٹ یاسر سلطان کی وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر سے ملاقات، 5 لاکھ روپے نقد انعام
یاسر سلطان کی ملاقات وزیراعظم پاکستان یوتھ پروگرام کے چیئرپرسن رانا مشہود احمد خان سے بھی کروائی گئی
لاہور: وزیراعظم پاکستان کے کوآرڈینیٹر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان شبیر احمد عثمانی کی جانب سے جیولن تھرو کے مشہور کھلاڑی یاسر سلطان کو وزیراعظم آفس اسلام آباد میں مدعو کیا گیا۔
جہاں انہوں نے ذاتی طور پر این ٹی ڈی سی کے کھلاڑی یاسر سلطان کی اکتوبر کے پہلے ہفتے میں بھارت میں منعقد ہونے والے مقابلے میں شرکت اور حوصلہ افزائی کیلئے 5 لاکھ روپے نقد انعام دیا۔
اس موقع پر یاسر سلطان کی ملاقات وزیراعظم پاکستان یوتھ پروگرام کے چیئرپرسن رانا مشہود احمد خان سے بھی کروائی گئی۔
وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر کا کہنا تھا کہ یاسر سلطان جیسے نوجوان جو روز اپنے ملک و قوم کا نام روشن کرتے ہیں انکی ہر قسم کی سپورٹ ماضی میں بھی کی ہے اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔
اس موقع پر جیولین تھرو کے مایہ ناز کھلاڑی یاسر سلطان نے وزیراعظم شہباز شریف، وزیراعظم کے کوارڈینیٹر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان شبیراحمد عثمانی اور چیئرپرسن وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود کا مسلسل تعاون اور حوصلہ افزائی کرنے پر شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ جیولین تھرو کے نیشنل ہیرو ارشد ندیم کی طرح وہ بھی جلد ملک و قوم کا نام روشن کریں گے۔