نویں پاکستان انڈسٹریل ایکسپو شروع،پاکستان اورچین کی 200 کمپنیاں شریک
شریک کمپنیاں سی این سی مشینری، آٹو پارٹس، ہارڈ ویئر اور ٹولز، زرعی مشینری اور صنعتی آلات و پرزہ جات کی نمائش کر رہی ہیں۔
لاہور۔ پنجاب کے وزیر مواصلات و تعمیرات، ملک صہیب احمد بھرتھ نے ہفتہ کے روز نَویں پاکستان انڈسٹریل ایکسپو (PIE 2025کا افتتاح کیا۔ انہوں نے اس تقریب کو پاکستان اور چین کے درمیان دوستی کی ایک شاندار مثال قرار دیا۔
لاہور ایکسپو سنٹر میں منعقدہ اس تین روزہ نمائش میں پاکستان اور چین کی 200 سے زائد معروف کمپنیاں جدید ترین مشینری، اوزار اور صنعتی ٹیکنالوجی کی نمائش کر رہی ہیں۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مواصلات و تعمیرات نے کہا کہ ایسی نمائشیں صنعتی ترقی، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور معیشت کو مستحکم کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔
انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا پیغام بھی پہنچایا، جنہوں نے اس نمائش کے انعقاد کو سراہا اور چینی سرمایہ کاروں اور کاروباری اداروں کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ وزیر نے کہا کہ پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے ایسے اقدامات نہایت اہم ہیں۔
پاکستان انڈسٹریل ایکسپو 2025 کا مقصد لاہور کو بین الاقوامی صنعتی تعاون کے ایک نئے مرکز کے طور پر پیش کرنا ہے۔ مستقبل قریب میں اس نمائش کو سعودی عرب، کینیا اور جنوبی افریقہ میں بھی منعقد کرنے کا منصوبہ ہے تاکہ عالمی سطح پر صنعتی روابط کو فروغ دیا جا سکے۔
اس سال کی نمائش میں شرکت کرنے والی کمپنیاں جدید صنعتی شعبہ جات کی نمائندگی کر رہی ہیں جن میں سی این سی مشینری، آٹو پارٹس، ہارڈ ویئر اور ٹولز، زرعی مشینری اور صنعتی آلات و پرزہ جات شامل ہیں۔ یہ شعبے سرمایہ کاری، جدت اور ٹیکنالوجی کے تبادلے کے لیے اہم سمجھے جا رہے ہیں۔
افتتاحی تقریب میں چینی قونصل خانہ لاہور کے کمرشل وائس قونصل لی ہاؤٹینگ، کموڈور ڈاکٹر شفیق الرحمٰن، کموڈور مہتاب خان، ٹی ڈی اے پی کے افسران فیض احمد چھدڑ ، رافعہ سید اور ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر ذکی اعجاز نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا ڈاکٹر قیصر عباس، ایوریسٹ انٹرنیشنل ایکسپو کے مینجنگ پارٹنر ارمغان مقیم، اور ذیشان ہاشمی بھی موجود تھے۔
اس ایونٹ کے منتظم ایوریسٹ انٹرنیشنل ایکسپو کے سی ای او، فا وین یان نے اس موقع پر نمائش کے مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ “پاکستان انڈسٹریل ایکسپو” پاکستان کے صنعتی کیلنڈر میں ایک نمایاں مقام حاصل کر چکی ہے اور ہر سال صنعتوں کے مابین روابط، تجارتی سہولت اور ٹیکنالوجی کے تبادلے کے حوالے سے نمایاں کامیابیاں حاصل کر رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس سال کا ایڈیشن سب سے مؤثر ثابت ہوگا، جو پاکستان اور چین کے درمیان دو طرفہ تعاون اور صنعتی جدت کے فروغ کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔
پاکستان انڈسٹریل ایکسپو 2025 آئندہ دو دنوں تک لاہور ایکسپو سنٹر میں جاری رہے گی اور صنعتی ماہرین، کاروباری افراد اور سرمایہ کاروں کے لیے کھلی رہے گی۔