چونیاں: خاتون سمیت 5 شہریوں کے قاتل اور خوف کی علامت سمجھے جانے والے تین مجرم اشتہاریوں کی گرفتاری،شہریوں کی پولیس کے حق میں ریلی

386

قصور: چونیاں کی عوام سڑکوں پر امڈ آئی، 18 سال سے مفرور، خاتون سمیت 5 شہریوں کے قاتل اور خوف کی علامت سمجھے جانے والے تین مجرم اشتہاریوں کی گرفتاری پر شہریوں کی پولیس کے حق میں ریلی، پنجاب پولیس زندہ آباد کے نعرے لگائے۔

پولیس ٹیموں پرپھولوں کی پتیاں نچھاورکیں، تفصیلات کے مطابق تھانہ سٹی چونیاں کے علاقہ میں ملزمان نے 23 فروری کو دن دیہاڑے ماں بیٹے کوفائرنگ کر کے قتل کیا تھا۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب نے واقعہ کا نوٹس لے رکھاتھا اور ڈی پی او قصور کو ملزمان کی جلد گرفتاری کا ٹاسک دیا تھا۔ ملزمان کی گرفتاری کیلئے ڈی پی او قصور طارق عزیز سندھو کی سربراہی میں سپیشل ٹیمیں تشکیل دی گئی۔

پولیس ٹیموں نے جائے وقوعہ کی CCTV فوٹیج حاصل کی، جیوفینسنگ کروائی اور 75 مشکوک افراد کی لوکیشنز اور CDR کا معائنہ کیا۔ ملزمان کے رہائشی علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران 80 گھروں کو چیک کیا اور سول پارچات میں اہلکاروں نے مسلسل نگرانی کی۔ پولیس ٹیموں نے بین الاضلاعی اور بین الصوبائی کراچی اور آزاد کشمیر سمیت 20 مقامات جبکہ چونیاں کے علاقہ میں 50 ریڈز کیے۔

Criminals

ڈی پی او قصور لمحہ با لمحہ کیس کی نگرانی کرتے رہے اور مدعی مقدمہ سے متعدد بار میٹنگز کی۔ الحمدللہ قصور پولیس کی دن رات کی مسلسل محنت سے تین خطرناک مجرم اشتہاریوں اصغر، وقاص اور شہزاد کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان نے سال 2005 سے ابتک خاندانی دشمنی کی وجہ سے ایک خاتون سمیت 5 افراد کو قتل کیا اور تین تھانوں کی پولیس کو مطلوب تھے۔

قبل ازیں ماں بیٹے کے قتل میں ملوث چار ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ خطرناک اور دہشت کی علامت بنے ہوئے مجرم اشتہاریوں کی گرفتاری پر اہل علاقہ نے سکھ کا سانس لیتے ہوئے پولیس کو خراج تحسین پیش کیا۔

شہریوں کی طرف سے چونیاں اور الٰہ آباد میں پولیس کے حق میں ریلی نکالی گئی، ریلی میں شامل شرکا نے پنجاب پولیس زندہ آباد کے نعرے لگائے، پولیس سے اظہار تشکر کیلئے بینرز لگائے گئے اور پولیس ٹیموں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں جبکہ ڈی پی او طارق عزیز سندھو نے اچھی کارکردگی پر ایس ایچ او سٹی چونیاں محمد اسلم بھٹی سمیت تمام ٹیموں کو شاباش دی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.