سپیشل ایجوکیشن سکول وہاڑی کی طالبہ خدیجہ منور کی ملتان ڈویژن میں پہلی پوزیشن لینے پر تقریب کا اہتمام
بورے والا: ڈپٹی کمشنر وہاڑی سید آصف حسین شاہ کی طرف سے سپیشل ایجوکیشن سکول وہاڑی کی طالبہ خدیجہ منور کی ملتان ڈویژن میں پہلی پوزیشن لینے پر ضلع کونسل ہال وہاڑی پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا.
خدیجہ منور نے 1007 نمبر لیکر ڈویژن بھر میں سیکنڈری سکول امتحانات میں پہلی پوزیشن حاصل کی. تقریب میں ڈپٹی کمشنر سید آصف حسین شاہ ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد طیب خان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عبدالجبار، اسسٹنٹ کمشنر وہاڑی ڈاکٹر عائشہ خان، ڈسٹرکٹ آفیسر سپیشل ایجوکیشن ذیشان احمد،ہیڈ ماسٹر سپیشل ایجوکیشن سکول سجاد حیدر، ڈی ای او سیکنڈری شازیہ انور، ڈپٹی ڈی ای او کرن، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایجوکیشن وہاڑی رانا شاہد، معززین شہر،سکول کے اساتذہ اور بچوں نے شرکت کی.
بچوں نے خوبصورت انداز اور مہارت سے ٹیبلو پیش کئے اور حاضرین سے خوب داد وصول کی.
ڈپٹی کمشنر سید آصف حسین شاہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خصوصی بچے ہمارے لیے بہت اہم ہیں ان میں کسی ایک جسمانی کمی کے متبادل اللہ تعالیٰ نے دیگر کئی خوبیاں اور صلاحیتیں عطا کر رکھی ہیں جنہیں صرف اجاگر اور ان بچوں کی درست سمت میں تربیت کر کے انہیں معاشرے کا مفید شہری بنا سکتے ہیں، حکومت پنجاب خصوصی بچوں کو تعلیم اور تربیت کے لیے ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہی ہے.
انہوں نے کہا کہ خصوصی تعلیم کے اداروں کے اساتذہ کا کام مشکل اور محنت طلب ضرور ہے لیکن یہ نیکیاں اور اجر حاصل کرنے کا بھی ذریعہ ہے، بچوں کی تعلیم کے ساتھ ان کی تربیت اس انداز سے کی جائے کہ انہیں کسی طرح سے احساس کمتری نہ ہو.
انہوں نے کہا کہ ایسی تقریبات کا مقصد بچوں اور اساتذہ کی حوصلہ افزائی کے ساتھ دیگر بچوں اور اساتذہ کو بھی اچھی کارکردگی کی ترغیب دینا ہے. ڈپٹی کمشنر سید آصف حسین شاہ نے اپنی طرف سے خدیجہ منور کو دس ہزار روپے انعام دیا.
اسی طرح اچھی کارکردگی کے حامل طلبا و طالبات میں سرٹیفکیٹ تقسیم کئے گئے. اساتذہ کی حوصلہ افزائی کے لیے بھی انہیں سرٹیفکیٹ دیئے گئے. ہیڈ ماسٹر گورنمنٹ سکول سپیشل ایجوکیشن سجاد حیدر نے ڈپٹی کمشنر کو یاد گاری شیلڈ پیش کی.