امریکا میں صدارتی انتخابات کیلئے ووٹنگ کا آغازہوگیا، ایک نتیجہ بھی آگیا

نیو ہیمپشائر کے ایک چھوٹے سے قصبے میں ووٹنگ کا عمل رات گئے شروع ہوجاتا ہے

واشنگٹن: امریکا میں صدارتی انتخابات کے لیے ووٹنگ کا آغاز ہوگیا ہے جس میں ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ اور ڈیموکریٹک امیدوار کملا ہیرس میں کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔

امریکا میں 6 مختلف ٹائم زونز کے باعث مختلف امریکی ریاستوں میں پولنگ کا آغاز اور اختتام الگ الگ وقتوں پر ہوگا۔

امریکی میڈیا کے مطابق ریاست ورمونٹ میں ووٹ ڈالے جا رہے ہیں جبکہ نارتھ کیرولائنا،اوہائیواورویسٹ ورجینیا میں بھی ووٹنگ کا آغاز ہوگیا ہے۔

نیویارک اور نیو جرسی میں بھی ووٹرز پولنگ سٹیشنوں کا رخ کر رہے ہیں جبکہ نیو ہیمپشائراور کنیٹی کٹ میں بھی ووٹنگ کا آغاز ہوگیا ہے۔

نارتھ کیرولائنا، امریکا میں پانسہ پلٹنے والی ان 7 ریاستوں میں شامل ہےجو کسی بھی امیدوار کی کامیابی میں فیصلہ کن ہوں گی۔

امریکی میڈیا کے مطابق 7 کروڑ 89 لاکھ افراد پہلے ہی ووٹ کاسٹ کرچکے ہیں اور کسی بھی امیدوار کو جیت کے لیے کل 538 میں سے کم از کم  270 الیکٹورل ووٹ درکار ہوں گے۔

امریکا میں صدارتی انتخابات میں الیکشن کے دن کی ووٹنگ کا آغاز رات نیو ہیمپشائر میں ہوا اور پہلا ووٹ نیو ہیمپشائر کے ایک چھوٹے سے قصبے ڈکسوائل نوچ میں ڈالا گیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ڈکسوائل نوچ میں کل 6 ووٹ رجسٹر تھے جن میں سے ڈونلڈ ٹرمپ اور کملا ہیرس دونوں کو 3،3 ووٹ پڑے اور اس طرح نیو ہیمپشائر کے ایک چھوٹے قصبے میں ڈیموکریٹ اور ری پبلکن امیدوار میں مقابلہ برابر رہا۔

گزشتہ صدارتی الیکشن 2020 میں یہاں سے جوبائیڈن کو تمام 5 ووٹ ملے تھے لیکن اس بار ووٹر کی تعداد 6 ہوگئی اور ٹرمپ نے اس حلقے میں مقابلہ تین تین سے برابر کردیا۔

امریکا کے تمام علاقوں میں ووٹنگ کا عمل آج کچھ دیر کے بعد اپنے اپنے مقامی وقت پر شروع ہوجائے گا تاہم قبل از وقت پولنگ اور ای میل ووٹنگ کے ذریعے7 کروڑ سے زائد ووٹرز حقِ رائے دہی استعمال کرچکے ہیں۔

ڈکسوائل نوچ کے اس نتیجے نے ملکی منظر نامہ پیش کردیا ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ اور کملا ہیرس کے درمیان ملک بھر میں ایسا ہی کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔

امریکی صدر بننے کے لیے کسی بھی امیدوار کو 538 الیکٹورل ووٹ میں سے کم از کم 270 ووٹ حاصل کرنا ہوں گے۔

America Presidential ElectionDemocratic PartyDonald TrumpElectionKamala HarrisRepublican PartyUnited States Of AmericaUSAVoting
Comments (0)
Add Comment