آئی ٹی ٹریننگ پروگرام میں نوجوانوں کی تعداد ایک لاکھ تک بڑھائی جائیگی: ناصر حسین شاہ

وزیر توانائی سندھ ناصر شاہ کا ایکسپو سینٹر میں منعقدہ 25ویں آئی ٹی سی این ایشیا کا دورہ اور خطاب

کراچی: صوبائی وزیر توانائی ، ترقیات و منصوبابہ بندی سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ حکومت نے دس ہزار نوجوان کیلئے آئی ٹی ٹریننگ پروگرام شروع کیا ہے جس کا دائرہ کار بڑھاکر ایک لاکھ تک کیا جائے گا، ٹریننگ کے بعد نوجوان نا صرف آئی ٹی سے متعلق جدید ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھائیں گے بلکہ انہیں پہلے روزگار کے مواقع بھی فراہم ہونگے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج ایکسپو سنٹر کراچی میں منعقدہ 25ویں آئی ٹی سی این ایشیا 2024 انٹرنیشنل آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام شو، نمائش اور کانفرنسز میں مختلف سٹالز کے دورے اور میڈیا سے بات چیت کے موقع پر کیا۔

وزیر توانائی نے نمائش کے منتظمین کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایسے وقت میں جبکہ لوگ غلط قسم کی افواہیں، خبریں پھیلا رہے ہیں اور نوجوانوں کو ناامیدی اور مایوسی کے غار میں دھکیلنا چاہتے ہیں یہ نمائش نوجوانوں کیلئے امید کی کرن نہیں کہوں گا بلکہ امید کا سورج ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ سن کر خوشی ہوئی کہ نوجوانوں اور تاجروں کی لگ بھگ 25 ہزار سے زائد تعداد نے اس نمائش کا دورہ کیا ہے اور اس نمائش کے اختتام تک امید ہے کہ لاکھوں نوجوانوں اور تاجروں کی تعداد نمائش کا دورہ کرچکی ہوگی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ملکی و غیر ملکی نامور ادارے اس نمائش میں حصہ لے رہے ہیں جن میں قابل تذکرہ ایران ، سعودی عرب ، چائنا ، ترکی اور آسٹریلیا سمیت دیگر اہم ممالک بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ انٹرنیشنل برانڈ ہواوے، گوبل کلاؤڈ، اوڈو،ٹی پی لنک جیسے مشہور معروف ادارے بھی شرکت کر رہے ہیں جبکہ ملکی نامور ادارہ این آر ٹی سی وغیرہ بھی اس نمائش میں شریک ہیں۔

ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ہمارے نوجوانوں میں صلاحیتوں کی کمی نہیں ، یہی وجہ ہے کہ پاکستان کا مستقبل روشن ہے، اس ایونٹ کو حکومت سندھ کی مکمل سپورٹ اور تائید حاصل ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو کی ہدایت پر حکومت سندھ کا آئی ٹی کا شعبہ بڑا کام کررہا ہے اور نوجوانوں کو آئی ٹی کی جدید ٹریننگ اسی کا ایک حصہ ہے۔

وزیر توانائی نے کہا کہ دنیا ایک گلوبل ویلج بن چکی ہے،اس وقت ملک میں نیٹ کا جو مسئلہ ہے دنیا بھر کے ممالک اس مسئلہ کا شکار ہیں تاہم پاکستان کے حوالے سے جو مسائل ہونگے انہیں دور کرلیا جائے گا، نیٹ ورکنگ کے حوالے سے پاکستان میں منفی پروپیگنڈہ کیا جارہا ہے ۔

ایران اور این آر ٹی سی کے سٹالز کے دورہ کے موقع پر انہوں نے دونوں کی کاوشوں کی تعریف کی اور شرکت پر شکریہ ادا کیا۔ نوجوانوں کی بڑی تعداد نے وزیر توانائی کی آمد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے سیلفیاں بھی بنوائیں۔ ناصر حسین شاہ سٹالز پر موجود نوجوانوں کی مہارت اور بریفنگ سے کافی متاثر ہوئے اور انہیں شاباش دی اور انہیں اپنی اور سندھ حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔

25th ITCN Asia 2024 International IT and Telecom ShowIT Training ProgramSindhSindh Minister Energy and Planning and DevelopmentSyed Nasir Hussain Shah
Comments (0)
Add Comment