اسرائیل کا حزب اللہ ہیڈ کوارٹر پر میزائل حملہ، حسن نصراللہ کو نشانہ بنانے کا دعویٰ

بمباری کا اصل ہدف حزب اللہ سربراہ حسن نصراللہ تھے: ترجمان اسرائیلی فوج

بیروت : اسرائیلی فوج نے لبنان کے دارالحکومت بیروت کے جنوبی ٹاؤن میں حزب اللہ ہیڈ کوارٹر کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فورسز نے طاقتور میزائلوں سے فضائی حملے کیے۔ عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے ایئرپورٹ روڈ پر مخصوص عمارت کو نشانہ بنایا، اسرائیلی طیاروں نے البرج عمارت پر 10 میزائل داغے۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج کی جانب سےکہا گیا ہے کہ اسرائیلی فورسز نےحزب اللہ کے سنٹرل کمانڈ کو بمباری کا نشانہ بنایا۔

اسرائیلی فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ حزب اللہ کا سنٹرل کمانڈ عمارت کے نیچے قائم کیا گیا تھا، بمباری کا اصل ہدف حزب اللہ سربراہ حسن نصراللہ تھے۔

عرب میڈیا کے مطابق گزشتہ 5 روز میں یہ اسرائیلی فوج کی بیروت پر سب سے طاقتور بمباری ہے، جنوبی ٹاؤن پراسرائیلی بمباری میں 4 عمارتوں کو نقصان پہنچا۔

دوسری جانب ایرانی خبررساں ادارے تسنیم نیوز ایجنسی کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حملے میں حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ محفوظ رہے  تاہم حزب اللہ کی جانب سے اب تک اس بارے میں کوئی اعلان نہیں کیا گیا۔

ایک سینئر ایرانی سکیورٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ ایران حسن نصر اللہ کے بارے میں معلومات حاصل کررہا ہے۔

مغربی میڈیا کے مطابق حزب اللہ کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حملوں میں حسن نصراللہ کی شہادت نہیں ہوئی ہے۔

Air StrikesGazaHamasHassan NasarAllahHezbollahIsraelLebanonMissile Attack
Comments (0)
Add Comment