معاشی بحالی مسلم لیگ ن کی حکومت کا اولین ایجنڈا ہے: رانا تنویر حسین

لاہور کے ایکسپو سنٹر میں 9ویں کلر اینڈ کیم ایکسپو کا آغاز، غیر ملکیوں سمیت 300 سے زائد نمائش کنندگان اپنی مصنوعات کی نمائش کررہے ہیں۔

لاہور: وفاقی وزیر صنعت وپیداوار رانا تنویرحسین نے ایکسپو سنٹر لاہور میں نویں کلر اینڈ کیمیکل نمائش کا افتتاح کر دیا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میاں شہباز شریف معیشت کی بحالی کے لیے کام کر رہے ہیں، مہنگائی کچھ کم ہوئی ہے،یوٹیلیٹی سٹورز بند نہیں کر رہے، ری اسٹرکچرنگ کی جا رہی ہے۔

رانا تنویرحسین نے کہا کہ اس وقت پاکستان کو ایکسپورٹ بڑھانے کی سخت ضرورت ہے، یہ والیم صرف 30 بلین ڈالر ہے جبکہ امپورٹ اس سے کہیں زیادہ ہے۔ وزیراعظم نے کامرس منسٹری کو ٹارگٹ دیا ہے کہ ایکسپورٹس کو تین سال میں 60 ارب ڈالرز پر لے کر جانا ہے۔ اس وقت ہمارا ایجنڈا معیشت کو دوبارہ پاؤں پر کھڑا کرنا ہے۔

رانا تنویر حسین نے کہا کہ 2017ء میں جب نواز شریف وزیراعظم تھے تو پاکستان دنیا کی 24 ویں معیشت تھا، پھر ہماری معیشت چالیس پر چلی گئی، اس وقت بجلی کے ریٹ بہت زیادہ ہیں ہماری کوشش ہے اس پر کام کریں۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ سبسڈی سو فیصد صحیح لوگوں کو نہیں مل رہی، وزیراعظم کی ترجیح زراعت ہے، لوگوں کو ٹریکٹرز دے رہے ہیں، سب نے دیکھا کہ کس طرح سازش کی گئی، بانی پی ٹی آئی کہتے تھے کہ مجھے نکالا تو میں اور زیادہ خطرناک ہو جاؤں گا، چیزیں جب سامنے آئیں گی تو کردار بھی سامنے آجائیں گے۔ وفاقی وزیر نے نمائش کے انعقاد کو سراہا۔

قبل ازیں وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین کے ایکسپو سنٹر پہنچنے پر نمائش کے کنوینئر عبدالرحیم چغتائی، آرگنائزر راشد الحق اور دیگر نے ان کا استقبال کیا۔ وفاقی وزیر صنعت نے فیتہ کاٹ کر نمائش کا افتتاح کیا۔ منتظمین نے انہیں سٹالز کا دورہ کرایا۔ نمائش میں چین، ملائیشیا، ترکی، ایران کی کمپنیاں اور نمائندے شرکت کر رہے ہیں۔ نمائش ایونٹ اینڈ کانفرنس انٹرنیشنل، رینبو گروپ اور پنجاب ڈائز اینڈ کیمیکل مرچنٹس ایسوسی ایشن کی جانب سے منعقد کی گئی ہے۔

افتتاحی تقریب میں صنعتکار الطاف اے غفار، محمد صلاح الدین، چیئرمین چائنا ڈائی اسٹفز انڈسٹری ایسوسی ایشن مسٹر شی ژیان پنگ بھی شامل تھے۔ اس دوران وفاقی وزیر غیر ملکی نمائش کنندگان سے ملتے رہے اور ان کی خیریت دریافت کی۔

نمائش کے کنوینئر عبدالرحیم چغتائی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ نمائش میں تین سو سے زائد کمپنیاں شریک ہیں۔ انہوں نے نمائش کنندگان کا بھی شکریہ ادا کیا۔

color and Chem ExpoDigital Textile Printing ExpoLahorePakistan Premier and elite Exhibition
Comments (0)
Add Comment