یوٹیوب سے دیکھ کر آپریشن، جعلی ڈاکٹر نے 15 سالہ بچہ مار ڈالا
ڈاکٹر نے یوٹیوب کی ویڈیو دیکھ دیکھ کر آپریشن کرنا شروع کیا لیکن بیٹے کی طبیعت بگڑ گئی: والدین
پٹنہ: بھارت میں جعلی ڈاکٹر نے یوٹیوب پر ویڈیو دیکھ کر آپریشن کرنے کی کوشش کی جس کے نتیجے میں 15 سالہ لڑکے کی طبیعت بگڑ گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست بہار کے دارالحکومت پٹنہ میں کرشنا کمار نامی لڑکے کو قے ہونے کی شکایت پر مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا۔
ڈاکٹرز نے پِتّے میں پتھری تشخیص کی اور آپریشن تجویز کیا تاہم والدین نے کہا کہ ڈرپ لگانے کے بعد لڑکے کی طبیعت ٹھیک ہے اس لیے سرجری نہ کریں۔
ڈاکٹر اجیت کمار نے زور دیا کہ پِتّا کسی بھی وقت پھٹ سکتا ہے اس لیے اس وقت آپریشن ناگزیر ہے۔
بچے کے اہل خانہ نے الزام عائد کیا کہ ڈاکٹر نے یوٹیوب کی ویڈیو دیکھ دیکھ کر آپریشن کرنا شروع کیا لیکن بیٹے کی طبیعت بگڑ گئی۔
بچے کی حالت مزید خراب ہونے پر ڈاکٹر نے ایمبولینس منگوائی اور بڑے ہسپتال لے کر گئے لیکن راستے میں طبیعت مزید خراب ہوگئی۔
ڈاکٹر اور عملہ بچے کو نیم مردہ حالت میں لواحقین کے ساتھ ہسپتال کی سیڑھیوں پر چھوڑ کر فرار ہوگیا۔
والدین بچے کو ایمرجنسی وارڈ لے کر گئے جہاں اس کی موت کی تصدیق کردی گئی۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ جس ڈاکٹر نے پِتّے کا آپریشن کیا تھا وہ جعلی ڈاکٹر تھا جس کی تلاش جاری ہے جب کہ اس کا ہسپتال سیِل کردیا گیا۔