ڈی پی ایس وہاڑی میں آٹسٹک سنٹر کا قیام، ڈپٹی کمشنر آصف حسین شاہ نے افتتاح کیا
بورے والا (سید ساجد حسین نقوی) ضلعی انتظامیہ کا احسن اقدام، آٹیسٹک بچوں کی فلاح و بہتری کے لیے ڈی پی ایس سکول وہاڑی میں آٹیزم سنٹر کا قیام عمل میں لایا گیا، ڈپٹی کمشنر وہاڑی سید آصف حسین شاہ نے آٹیسٹک بچے کو گود میں لے کر افتتاح کیا.
افتتاحی تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد طیب خان، پرنسپل ڈی پی ایس مسز تنویر ریاست، سکول ، اساتذہ اور آٹیسٹک بچوں کے والدین شریک تھے.
ڈی پی ایس سکول وہاڑی میں آٹیزم ریسورس سنٹر کی افتتاحی تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سید آصف حسین شاہ نے کہا کہ آٹیزم ایک ذہنی بیماری ہے اور کم سن بچے اس کا شکار ہوتے ہیں، آٹیسٹک بچے چھوٹی عمر سے ہی تنہائی پسند ہو جاتے ہیں، دوسرے بچوں کے ساتھ گھلنے ملنے، کھیلنے کودنے کی بجائے الگ تھلگ رہنا پسند کرتے ہیں.
انہوں نے کہا کہ آٹیزم سنٹر ایسے بچوں کی تعلیم و تربیت میں مددگار اور آٹیسٹک بچوں کی خوابیدہ صلاحیتوں کو بیدار کرنے میں معاون ہو گا.
سید آصف حسین شاہ نے کہا کہ آٹیسٹک بچوں کو تعلیم و تربیت کے ذریعے سماجی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے قابل بنانا ہمارا مشن ہے اور آٹیسٹک بچوں کو عضو معطل کی بجائے معاشرے کے لیے کارآمد بنانا ممکن ہے بچوں کی دلچسپی کے لیے کلاس میں کھلونوں، میوزک سمیت جھولوں کا انتظام کیا گیا ہے.
افتتاحی تقریب میں موجود ایک آٹیسٹک بچہ ڈپٹی کمشنر سے لپٹ گیا جسے گود میں اٹھا کر ڈپٹی کمشنر نے سنٹر کا افتتاح کیا.