یوٹیوب کا نیا بہترین فیچر جو آپکی ویڈیوز کو زیادہ مقبول بنا دے گا
محض اردو یا کسی اور زبان میں ویڈیوز بنانے والے صارفین انگلش بولنے والوں تک بھی اپنا مواد پہنچا سکیں گے۔
یوٹیوب نے ایک ایسا بہترین فیچر متعارف کرایا ہے جس کی مدد سے محض اردو یا کسی اور زبان میں ویڈیوز بنانے والے صارفین انگلش بولنے والوں تک بھی اپنا مواد پہنچا سکیں گے۔
کمپنی کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ اس کا ملٹی لینگوئج آڈیو فیچر تمام صارفین کے لیے متعارف کرا دیا ہے۔
اب یوٹیوب کے کروڑوں صارفین اپنی ویڈیوز میں مختلف زبانوں کی ڈبنگ کا اضافہ کر سکیں گے، جس سے انہیں عالمی ناظرین تک رسائی کا موقع ملے گا۔
یہ فیچر سب سے پہلے 2023 میں پائلٹ پروگرام کے تحت متعارف کرایا گیا تھا اور یہ محدود کریٹیرز جیسے مسٹر بیسٹ (Mr Beast) کو ہی دستیاب تھا۔
آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی سے لیس آڈیو ڈبنگ ٹول گوگل کے جیمنائی ماڈل پر مبنی ہے جو صارفین کی آواز اور جذبات کی نقل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
2023 میں متعارف کرائے جانے کے بعد یوٹیوب نے کئی بار بتایا تھا کہ یہ فیچر آزمائشی مراحل میں کامیاب رہا ہے۔
درحقیقت جن افراد نے اس ٹول کو استعمال کرکے ویڈیو میں مختلف زبانوں کی آڈیو کا اضافہ کیا، انہیں دیکھنے کی شرح اوسطاً 25 فیصد سے زیادہ بڑھ گئی۔
2 سال کے طویل عرصے کے بعد اب کمپنی نے اسے تمام صارفین کے لیے متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔
یوٹیوب کے مطابق یہ فیچر آئندہ چند ہفتوں میں تمام صارفین کو دستیاب ہوگا۔
کمپنی کی جانب سے رواں سال جون سے ملٹی لینگوئج تھمب نیلز کی آزمائش بھی محدود صارفین میں کی جا رہی ہے۔
اس فیچر سے بھی کسی ایک زبان میں ویڈیوز بنانے والے صارفین کو بین الاقوامی ناظرین تک رسائی کا موقع ملتا ہے۔