پارکوں کی بحالی سے شہریوں کو تفریح کی بہترین سہولیات میسر آرہی ہیں، مرتضیٰ وہاب

241

کراچی : ایڈمنسٹریٹر کراچی، مشیر قانون اور ترجمان حکومت سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ پارکوں کی بحالی سے شہریوں کو تفریح کی بہترین سہولیات میسر آرہی ہیں، نیک نیتی کے ساتھ عوام کی خدمت میں مصروف ہیں، ضلع وسطی میں سو پارکوں کی بحالی کے سلسلے میں 32پارکوں کو اب تک شہریوں کے لئے کھولا جاچکا ہے، بہت جلد شہریوں کو سبزے کے حوالے سے نمایاں تبدیلی محسوس ہوگی،یہ بات انہوں نے ضلع وسطی کے علاقے نارتھ کراچی اور نارتھ ناظم آباد میں تزئین شدہ تین پارکوں کے افتتاح کے موقع پر کہی جن میں بی اماں پارک نارتھ کراچی، فرحان شہید پارک بلاک۔آئی نارتھ ناظم آباد اور آصف شہید پارک بلاک۔این نارتھ ناظم آبادشامل تھے، اس موقع پر پیپلزپارٹی ضلع وسطی کے صدر مسرور عالم، جنرل سیکریٹری دل محمد، ڈپٹی کمشنر وسطی طحہ سلیم اور شہریوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی-

ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کہا کہ کراچی کے مختلف اضلاع میں ترقیاتی کاموں کے ساتھ ساتھ شجرکاری، پارکوں اور اوپن اسپیس کی بحالی کا کام جاری ہے، ضلع ساؤتھ میں بیک وقت چار پارکوں کی تعمیر کے ساتھ فوڈ اسٹریٹ کو بھی جدید انداز میں تعمیر کر رہے ہیں،تمام اضلاع میں پارکوں کی بحالی کے ساتھ ساتھ نئے پارک تعمیر کر رہے ہیں تاکہ شہریوں کو اپنی رہائش گاہ کے قریب ہی بہتر اور معیاری تفریحی سہولیات دستیاب ہوسکیں، پارکوں اور دیگر مقامات پر شجر کاری سے شہر کو ماحولیاتی اعتبار سے بہتر بنانے میں بھی مدد ملے گی-

بلاک۔این نارتھ ناظم آباد میں آصف شہید پارک کے افتتاح کے موقع پر ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے وہاں بچوں کو جوڈو کراٹے کھیلتے ہوئے دیکھا اور اپنی جانب سے جوڈو کراٹے کے کھلاڑیوں کے لئے میٹ دینے کا اعلان کیا، انہوں نے کہا کہ پارکس اور پلے گراؤنڈ مثبت اور صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دینے کا ذریعہ ہیں، بہتر مواقع اور سہولیات ملنے سے نوجوانوں کی صلاحیتیں کھل کر سامنے آتی ہیں اور وہ آگے چل کر ملک و قوم کا نام روشن کرتے ہیں، دریں اثناء ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے نارتھ ناظم آباد میں تیموریہ لائبریری کا دورہ کیا اور لائبریری کے مختلف حصوں کو دیکھا، انہوں نے تیموریہ لائبریری کو چوبیس گھنٹے عوام کے لئے کھولنے کے عمل کو سراہتے ہوئے اعلان کیا کہ فریئر ہال میں موجود لیاقت لائبریری کو بھی چوبیس گھنٹے اور ساتوں دن کھولا جائے گا، عنقریب یہ لائبریری تزئین و آرائش کے بعد علم کے متلاشی شہریوں کے لئے دستیاب ہوگی جبکہ کراچی کے دیگر اضلاع میں بھی ایک ایک لائبریری کو چوبیس گھنٹے اور ساتوں دن کھولنے کے اقدامات کئے جائیں گے، شہری تیموریہ لائبریری آئیں اور پرسکون ماحول میں مطالعے کی سہولت سے فائدہ اٹھائیں، انہوں نے کہا کہ لائبریریاں علم کا خزانہ ہیں اور انہیں آباد رکھنا زندہ قوموں کی نشانی ہے،بدقسمتی سے ہماری لائبریریاں زبوں حالی کا شکار ہیں اور انہیں وقت گزرنے کے ساتھ اپ گریڈ نہیں کیا گیا جس کی اشد ضرورت ہے، کراچی میں بلدیاتی اداروں کے زیر انتظام 70 کے لگ بھگ لائبریریوں کو فعال اور بہتر بنانے کے لئے متعلقہ اداروں سے رجوع کیا جائے گا، دنیا بھر میں کتب خانوں کو جدید اور کمپیوٹرائزڈبنایا گیا ہے، کراچی میں بھی اس رجحان کی پیروی کی جانی چاہئے تاکہ ہمارے لوگوں کو دنیا بھر کے علوم اور معلومات تک جدید انداز میں رسائی حاصل ہوسکے

Leave A Reply

Your email address will not be published.