چیئرمین واپڈا کا گریٹر کراچی واٹر سپلائی سکیم ’کے فور پراجیکٹ‘ کا دورہ، تعمیراتی پیشرفت کا جائزہ

43

لاہور :چیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی (ریٹائرڈ) نے زیر تعمیر گریٹر کراچی بلک واٹر سپلائی سکیم ’کے فور پراجیکٹ‘ کا دورہ کیا اورمنصوبے پر تعمیراتی پیش رفت کا جائزہ لیا۔

کے فور پراجیکٹ سے کراچی کو کینجھر جھیل سے روزانہ650 ملین گیلن پینے کا پانی فراہم کیا جائے گا۔ یہ منصوبہ دو مراحل میں مکمل ہوگا۔ واپڈا اس وقت منصوبے کے پہلے مرحلے کو تعمیر کررہاہے، جس کی تکمیل اکتوبر 2024 میں شیڈول ہے۔ منصوبے کے پہلے مرحلے کی بدولت کراچی کو روزانہ 260 ملین گیلن پانی میسر آئے گا۔ منصوبے کے پہلے مرحلے کی پی سی ون لاگت 126 ارب روپے ہے۔ منصوبے پر اب تک 40 ارب روپے خرچ ہو چکے ہیں۔ منصوبے پر 40 فیصد کام مکمل؛ ہو چکا ہے۔

چیئرمین واپڈاکے پراجیکٹ دورے کے موقع پر جنرل منیجر (پراجیکٹس) ساؤتھ اور چیف انجینئر/پراجیکٹ ڈائریکٹر کے علاوہ کنسلٹنٹس اور کنٹریکٹرز کے نمائندے بھی موجود تھے۔
چیئرمین نے منصوبے کی مختلف سائٹس کا تفصیلی دورہ کیا اور جاری تعمیراتی کام کا مشاہدہ کیا۔ پراجیکٹ انتظامیہ نے چیئرمین واپڈاکو منصوبے پر پیش رفت بارے بریفنگ دی۔ اس وقت منصوبے کی تمام آٹھ سائٹس پر تعمیراتی سرگرمیاں جاری ہیں۔ ان سائٹس میں ان ٹیک سٹرکچر، پمپنگ سٹیشنز، پریشرائیزڈ پائپ پر مشتمل پانی کی منتقلی کا نظام، واٹر ریزروائرز، فلٹریشن پلانٹس، پراجیکٹ کے دفاتر، کالونی اور رابطہ سڑکیں شامل ہیں۔ بریفنگ میں پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام(پی ایس ڈی پی) سے پراجیکٹ کی تعمیر کیلئے فنڈز کی فراہمی، سندھ حکومت کی جانب سے منصوبے کیلئے درکار بجلی کا نظام اور کراچی واٹراینڈ سیوریج کارپوریشن کی جانب سے پانی تقسیم کرنے کے نظام میں توسیع سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔

’کے فور پراجیکٹ‘ کراچی کیلئے اہم منصوبہ ہے۔ منصوبے کی اہمیت کے پیش نظر واپڈا کی ہر ممکن کوشش ہے کہ اسے شیڈول کے مطابق مکمل کیا جائے۔ چیئرمین واپڈا نے کہا کہ
منصوبے کو شیڈول کے مطابق مکمل کرنے کیلئے فنڈز کی بروقت فراہمی اشد ضروری ہے۔ اسی طرح منصوبے کیلئے درکار پاور سسٹم اور پانی تقسیم کرنے کے نظام کی بروقت توسیع جیسے معاملات بھی مساوی اہمیت کے حامل ہیں، تاکہ کراچی کے شہری اس منصوبے کے فوائد حاصل کرسکیں۔ انہوں نے پراجیکٹ حکام کو ہدایت کی کہ وہ منصوبے کی جلد از جلد تکمیل کے لئے تمام شراکت دار اور فریقین سے مسلسل اور مؤثر رابطہ قائم رکھیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.