حکومت کا محسن بیگ کے گھر پر چھاپہ غیرقانونی قرار دینے والے جج کیخلاف ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ

130

حکومت نے محسن بیگ کی گرفتاری کے لیے ان کے گھر میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے چھاپے کو غیرقانونی قرار دینے والے اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج کے خلاف ہائی کورٹ میں ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نیازاللہ نیازی نے وزیر اعظم عمران خان سے آج ملاقات کی جہاں وزیراعظم کو محسن بیگ کیس سے متعلق بریفنگ دی گئی جبکہ ملاقات کے وقت اٹارنی جنرل آف پاکستان بھی موجود تھے۔

ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے اس موقع پر وزیراعظم کو نور مقدم کیس اور اسامہ ستی کیس سے متعلق بھی بریفنگ دی۔

ایڈوکیٹ جنرل نے وزیراعظم کو بتایا کہ جب ہم نے محسن بیگ کو عدالت میں پیش کردیا تھا تو عدالت کی جانب سے آبزرویشن دینا قانونی طور پر درست نہیں تھا اور کل میں خود ہائی کورٹ میں محسن بیگ کیس کے لیے موجود ہوں گا۔

وزیراعظم نے کہا کوئی قانون سے بالا تر نہیں، کوئی میڈیا سے ہو یا کسی اور شعبے سے ہو، قانون کی نظر میں سب برابر ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ مختلف ذرائع کے ذریعے ہمارے خلاف منفی پروپیگنڈہ ہورہا ہے اور حکومت کے اچھے کاموں کو بھی چند لوگ منفی پروپیگنڈہ کر کے منفی انداز میں پیش کر رہے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.